• news

اسلحہ لائسنسوں پر عائد پابندی ختم‘ کراچی سمیت ملک بھر میں سوات آپریشن طرز کی حکمت عملی پر متفق ہونا پڑے گا: رحمن ملک

اسلام آباد (آئی اےن پی + این این آئی) وفاقی وزراء، ارکان پارلےمنٹ و پارٹی رہنماﺅں کے دباﺅ پر وزےر داخلہ سےنےٹر اے رحمان ملک نے ممنوعہ و غےر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنسوں کے اجراءپر عائد پابندی ختم کردی جبکہ نادرا کو کمپےوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس کے ساتھ لائسنس ہولڈر کے ڈےٹا پر مبنی الگ فارم جاری کرنے کی ہداےت کر دی گئی۔ ذرائع نے بتاےا کہ وزےر اعظم راجہ پروےز اشرف نے وزےرداخلہ کو بلا تفرےق تمام سےاسی جماعتوں کو لائسنس جاری کرنے کی ہداےت کی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ شرپسند عناصر الیکشن ملتوی کرانا چاہتے ہیں بیرونی اور اندرونی دشمن ملک کے حالات خراب کرنے میں ملوث ہیں۔ منور حسن کے بیٹے کے دعوت ولیمہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال کی مزید بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ملک میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے آئندہ ہفتے اعلی سطح کی بین الصوبائی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ این این آئی کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں آئندہ 15 روز میں مزید دہشت گردی کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔ کراچی سمیت ملک بھر سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سوات آپریشن کی کامیاب حکمت عملی کی طرز پر تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہوناہو گا۔ حکومت کراچی سمیت ملک بھر میں دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاہم تمام سیاسی قوتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ قیام امن کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پولیس کی نفری بہت کم ہے اسی وجہ سے پٹرولنگ کم ہو رہی ہے انہوں نے کہا کہ دشمنوں نے حکومت سے گوریلا جنگ شروع کی ہوئی ہے۔ ان مافیاز کے خاتمے کے لئے حکومتی اداروں کے علاوہ تمام سیاسی و مذہبی قوتوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ رحمن ملک آج سابق وزیراعظم و پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر قاتلوں سے متعلق اہم اعلانات کرینگے۔ پرویز مشرف اور بیت اللہ محسود کو مرکزی ملزم قرار دیا جائے گا۔ دوسری طرف ایف آئی اے کی طرف سے متعدد درخواستوں کے باوجود انٹرپول نے شواہد ناکافی قرار دیتے ہوئے پرویز مشرف کی گرفتاری کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ رحمن ملک نو ڈیرو میں پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شرکاء کو قتل کی منصوبہ بندی اور قاتلوں سے متعلق بریفنگ دینگے۔

ای پیپر-دی نیشن