لاہور : لاکھوں کی وارداتیں‘ سیکورٹی گارڈ زخمی‘ قصور میں ڈاکوﺅں نے دو افراد کو مار ڈالا
لاہور+ قصور (اپنے نمائندے سے+نامہ نگار) شہر میں چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی اشیاءسے محروم کر دیا گیا۔ جوہر ٹاﺅن کے علاقہ میں سکیورٹی گارڈ کو مزاحمت پر زخمی کردیا گیا جبکہ قصور میں ڈاکوﺅں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر 2 افراد کو فائرنگ کرکے مار ڈالا۔ معلوم ہوا ہے کہ جوہر ٹاﺅن کے علاقہ جی ون مارکیٹ میں 3 ڈاکوﺅں نے گارمنٹس کی دکان میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر سکیورٹی گارڈ قربان کو زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے، کاہنہ کے علاقہ میں ڈاکو ایڈووکیٹ رانا محمد خان کے گھر سے 35 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر سامان، مناواں پنڈ کے رہائشی عبدالرشید کے گھر سے ڈاکو اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 11 لاکھ سے زائد مالیت کے برطانوی پاﺅنڈ، زیورات، چوہنگ شاہ پور کانجراں کی رہائشی سردار بی بی کے گھر سے دو ڈاکوﺅں نے سردار بی بی کو کمرے میں بند کرکے اڑھائی لاکھ مالیت کی نقدی، زیورات چھین لئے۔ سول لائن انمول کمپنی نرالا سویٹس کی دکان میں دو ڈاکو گھس آئے اور ملازموں کو یرغمال بنا کر 62 ہزار مالیت کی نقدی دیسی گیس اور مٹھائی لے گئے، گلشن راوی ای بلاک میں فاروق اور اسکے اہلخانہ سے ایک لاکھ 55 ہزار، فیصل ٹاﺅن ڈی بلاک میں منصور الٰہی اور اسکی بیوی سے ایک لاکھ، ستوکتلہ پنجاب ہاﺅسنگ سوسائٹی میں جمیل اور اسکی فیملی سے اڑھائی لاکھ، مغل پورہ مسلم کالونی میں رضوان سے 85 ہزار اور سبزہ زار سے عرفان سے اڑھائی لاکھ مالیت کی نقدی اور موٹرسائیکلیں چھین لیں جبکہ شاہدرہ ٹاﺅن سعید پارک میں محبوب کے گودام سے چور 20 لاکھ سٹی رائیونڈ میں فرحان کے ڈیری فارم سے چور ساڑھے تین لاکھ کی بھینس اور غالب مارکیٹ میں منی مارکیٹ میں واقع بوتیک سے چور 12 لاکھ کے 150 قیمتی سوٹ چوری کرکے لے گئے۔ شفیق آباد سے اشرف، نواں کوٹ سے فاروق اور فیصل ٹاﺅن سے دلشاد کی گاڑیاں جبکہ گارڈن ٹاﺅن سے میجر (ر) مراد علی شاہ، شفیق آباد سے منیب، بادامی باغ سے شہباز، اسلام پورہ سے سلیم، لاری اڈہ سے سبحان، ریس کورس سے نعیم، گلشن راوی سے عرفان، وحدت کالونی سے اشفاق، مسلم ٹاﺅن سے عمران، سمن آباد سے قیوم، سندر سے شفیق، جنوبی چھاﺅنی سے عدنان، گلبرگ سے اشرف، فیصل ٹاﺅن سے اعجاز کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں گئیں۔ ادھر صدر پتوکی کے علاقہ جاوید نگر میں اکرم سگریٹ فروش کی دکان پر آنے والے 7 ڈاکوﺅں نے دکاندار اور گاہکوں سے لوٹ مار شروع کردی جس پر سگریٹ خریدنے والے دو گاہکوں محمد اکرم اور شہباز احمد نے مزاحمت کی تو ڈاکوﺅں نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنا ڈالا اور فرار ہوگئے۔ زخمی بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔