• news

قائداعظمؒ کے ساتھی، گولڈ میڈلسٹ کارکن تحریک پاکستان بریگیڈئر (ر) ظفر اقبال انتقال کر گئے


لاہور (خصوصی رپورٹر) قائداعظمؒ کے ساتھی اور گولڈ میڈلسٹ کارکن تحریک پاکستان بریگیڈئر (ریٹائرڈ) ظفر اقبال چودھری 87 سال کی عمر میں گزشتہ روزخالق حقیقی سے جا ملے۔ انکی نماز جنازہ آج جمعرات کو پونے دو بجے دوپہر ان کی رہائش گاہ (26 اے) پی سی ایس آئی آر ہاﺅسنگ سوسائٹی نزد ڈاکٹرز ہسپتال ادا کی جائے گی۔ ظفر اقبال چودھری 23 فروری 1925ءکو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، 1940ءمیں سیالکوٹ میں پنجاب مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کی بنیاد رکھی۔ مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن نے یکم مارچ 1941ءکو لاہور میں ”پاکستان کانفرنس“ منعقد کی جس کی صدارت قائداعظمؒ نے کی۔ اس کانفرنس میں انہوں نے بطور ڈیلیگیٹ شرکت کی۔ ظفر اقبال چودھری 1942ءمیں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن ضلع گوجرانوالہ کے جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے اور یہ عہدہ 1944ء تک ان کے پاس رہا۔ علاوہ ازیں 1942ءتا 1947ء پنجاب مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کی کونسل کے اور 1944ءتا 1947ءمجلس عاملہ کے رکن رہے۔ 1945ءمیں آل انڈیا مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کی کونسل کے رکن چنے گئے۔ ظفر اقبال چودھری نے پنجاب مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کی طرف سے طلبا کی تربیت کے لئے قائم کئے گئے 23 جولائی سے 4 اگست 1944ءتک ٹریننگ کیمپ بنام ”سمر سکول آف ٹریننگ“ میں شرکت کی۔ 1945ءمیں آل انڈیا مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے آرگنائزنگ سیکرٹری منتخب ہوئے۔ 1945ء میں ہی پرائمری مسلم لیگ گوہدپور مراد پور ضلع سیالکوٹ کے جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔ تحصیل سیالکوٹ میں مسلم لیگ کا پیغام گھر گھر پہنچایا۔ 1946ءکے تاریخ ساز انتخابات میں بھرپور حصہ لیا۔ خضر وزارت کے خلاف تحریک کومنظم کیا۔ جلوس نکالے، جلسے کئے جس کی پاداش میں حکومت پنجاب نے انہیں چھ ماہ کے لئے جیل میں نظر بند کردیا۔ قیام پاکستان کے موقع پر پنجاب مسلم لیگ کی خفیہ ہدایات کی روشنی میں 40 رضاکاروں کا جیش منظم کیا۔ ان کی فوجی ٹریننگ کروائی اور مسلح کیا۔ سیالکوٹ کے جن دیہات میں غیر مسلموں نے مسلمانوں پر حملے کئے تو ان کا دفاع کیا۔ مہاجرین کی آمد پر سیالکوٹ شہر اور نواحی دیہات میں مہاجرین کیمپوں میں خدمات انجام دیں۔

ای پیپر-دی نیشن