• news

دھند جاری، قصور، شیخوپورہ میں ٹریفک حادثات، 3 باراتیوں سمیت 7 جاںبحق


لاہور + شیخوپورہ + قصور (خبرنگار+ سٹی رپورٹر+ نامہ نگار خصوصی+ نامہ نگار) شدید دھند کا سلسلہ جاری ہے۔ قصور، عارف والا اور شیخوپورہ میں ٹریفک حادثات کے دوران 3 باراتیوں سمیت7 افراد جاںبحق، درجنوں زخمی ہو گئے۔ پروازوں اور ٹرینوں کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں علی الصبح 4 بجے ایک تیز رفتار کار خانپور نہر میں گرگئی جس کے نتیجہ میں میاں بیوی ڈوب کر جاںبحق ہوگئے۔ کوٹ رنجیت اور فیصل آباد روڈ بائی پاس کے نزدیک حادثات میں 4 افراد زخمی ہوگئے، قلعہ ستار شاہ کے قریب 4 بسیںآپس میں ٹکرا گئی 20 مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق کار راجو وال ضلع اوکاڑہ سے بارات کے سا تھ قصور آ رہی تھی دھند میں تیز رفتاری کے باعث لوڈر ٹریکٹر ٹرالے کے ساتھ جا ٹکرائی جس کے نتےجے مےں ڈرائیور امتیاز احمد سمیت تین افراد موقع پر ہی جاںبحق ہو گئے جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ عارف والا میں بھی 2 موٹرسائیکل سوار ٹرالر سے ٹکرا کر جاںبحق ہو گئے جبکہ بس الٹنے سے 30 افراد زخمی ہو گئے جبکہ خراب موسم، شدید دھند اور کم روشنی کی وجہ سے پی آئی اے کی اندرون ملک اور بیرون ملک پروازوں کی آمدورفت کا شیڈول گزشتہ روز بری طرح متاثر ہوا جس سے کئی پروازیں متاثر ہوئیں جبکہ لاہور سے ملتان شیڈول پرواز کو ملتان کی بجائے سکھر روانہ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پی کے 651 سے وزیرخارجہ حنا ربانی کھر، وزیر مملکت امتیاز صفدر وڑائچ سمیت دیگر وی آئی پی شخصیات کو سکھر روانہ کر دیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز تک ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں رہیں گے جس کے باعث میدانی علاقوں میں بھی سردی بڑھنے کا امکان ہے۔ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔ گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت پاراچنار میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب سکردو اور ملحقہ علاقوں میں شدید ٹھنڈ نے ہر چیز کو جما دیا۔ نلوں میں پانی اور گاڑیوں کے ریڈی ایٹر کا پانی بھی برف بن گیا۔

ای پیپر-دی نیشن