• news

زرداری‘ نوازشریف ‘ فضل الرحمن کا سورج غروب ہو چکا‘ ایک سیٹ جیت کر انقلاب نہیں لایا جا سکتا : عمران


میانوالی+ موچھ (نمائندگان+ نامہ نگار+ نوائے وقت نیوز) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے رکھی موڑ موسیٰ خیل، سوانس، غنڈی اور موچھ میں تحریک انصاف کے بڑے جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری، نوازشریف اور فضل الرحمن کا سورج غروب ہو چکا ہے۔ تحریک انصاف کا عوامی سونامی ملک و قوم کی دولت کو لوٹنے اور ق لیگ اور پیپلزپارٹی کے کچے اور مفادپرستی کے پشتے کو بہا لے جائے گا، تحریک انصاف نیا پاکستان بنانے کی جدوجہد کر رہی ہے، نوازشریف اور زرداری اندر سے ملے ہوئے ہیں، ایک سیٹ جیت کر ملک میں انقلاب نہیں لایا جا سکتا، نوازشریف اور زرداری نے جس طرح آپس میں گٹھ جوڑ کرکے وفاق اور صوبوں کی حکومتیں بنائیں اور آج اسی تسلسل کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور دونوں اندر اور باہر سے بھائی بھائی ہیں اور باریوں کے کھیل کھیلنے کے عادی ہو چکے ہیں۔ نوازشریف اور زرداری مل کر بھی الیکشن لڑیں تو تحریک انصاف کا سونامی انہیں بہا لے جائیگا، عوام ان سے نجات کیلئے دن گِن رہی ہے کہ وہ کون سا خوش قسمت دن ہو گا، ہم امریکہ کی غلامی سے نجات حاصل کرکے ایک ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان بنائیں گے، جب ملک و قوم کو ان لٹیروں، غاصبوں سے نجات ملے گی، ان دونوں کا اقتدار کا دور بھیانک انداز میں ختم ہونے والا ہے، بلکہ یہ اپنے انجام کو پہنچ رہے ہیں۔ آئی ایس آئی سے پیسے لینے والے کس منہ سے ملک و قوم پر حکومت کریں گے۔ شریف خاندان نے ہمیشہ بیورو کریسی اور پولیس کے سہارے حکومتیں کی ہیں۔ انہوں نے بن حافظ جی، نمل کالج سوانس اور موسیٰ خیل میں خطاب کیا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں کسی ایم این ایز کو ڈویلپمنٹ فنڈز نہیں ملےں گے، نچلے سطح پر ترقیاتی فنڈز دئیے جائیں گے۔ جلسوں سے تحریک انصاف کی مرکزی رہنما عائلہ ملک اور انعام اللہ نیازی نے بھی خطاب کیا۔ عمران نے مزید کہاکہ قومی اسمبلی کی ایک نشست پر کامیابی سے انقلاب نہیں لایا جا سکتا جب تک پورے ملک میں اکثریت حاصل نہ ہو۔ تحریک انصاف ملک میں کرپشن کے خاتمہ کیلئے تھانہ کچہری اور پٹواری کلچر کا خاتمہ کرے گی، مہنگائی انہی سیاستدانوں کی وجہ سے ہے جو عوام کے ووٹ حاصل کرکے اقتدار میں جاتے ہیں اور خود فروخت کرتے ہیں انہی ووٹوں کی وجہ سے ملک کا دیوالیہ ہو چکا ہے۔ مشرف نے انہیں وزیراعظم بننے کی پیشکش کی تھی لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔ تحریک انصاف ملک میں نیا بلدیاتی نظام لائے گی، ایم این اے، ایم پی اےز کو ترقیاتی فنڈز نہیں دئےے جائیں گے بلکہ بلدیاتی نمائندوں کو ترقیاتی فنڈز سے عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کریںگے۔ عمران خان نے مزید کہاکہ ملک میں اگر تبدیلی لانی ہے تو تحریک انصاف کو سپورٹ کریں، مہنگائی اور ناانصافی نے تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی تبدیل کرنی ہو گی جس میں غریبوں کے لئے روزگار لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کو دور کرنے کے لئے اہم اقدامات کرنے ہوں گے، عوام نوازشریف اور زرداری کو آزما چکی ہے ان کی ناقص پالیسیوں نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا ہے، علاوہ ازیں عمران خان مجاہد ملت مولانا عبدالستار خان نیازی کے مزار پر بھی گئے اور روکھڑی گاﺅں کا بھی دورہ کیا۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق عمران نے کہا میانوالی سے پہلا وزیراعظم ہوں گا۔ آصف زرداری، نوازشریف اور مولانا فضل الرحمن کا سورج غروب ہو چکا۔

ای پیپر-دی نیشن