• news

تعلیم پر کروڑوں خرچ کروانے والے افسران کا پنجاب ریونیو اتھارٹی میں تعیناتی سے انکار


لاہور (معین اظہر سے) پنجاب حکومت کے کروڑوں روپے خرچ کروا کر بیرون ملک سے تعلیم حاصل کرنے والے ایکسائز اور ریونیو افسران نے پنجاب ریونیو اتھارٹی میں تعینات ہونے سے انکار کر دیا ہے جس پر اتھارٹی کے سربراہ نے چیف سیکرٹری پنجاب کو لیٹر لکھ دیا ہے کہ محکمہ سروسز ان افسران کے اتھارٹی میں تعیناتی کے احکامات جاری نہیں کر رہا ہے جن افسران کے ریونیو اتھارٹی میں تعیناتی کے احکامات جاری کئے گئے تھے انہوں نے اپنے تبادلے کینسل کر والئے ہیں۔ وفاقی بورڈ آف ریونیو نے بھی افسران دینے سے انکار کر دیا ہے جبکہ تبادلے کینسل کرنے کی وجہ سے افسران میں یہ تاثر گیا ہے کہ حکومت ریونیو اتھارٹی کو خصوصی اہمیت نہیں دے رہی ہے جبکہ ذرائع کے مطابق ریونیو اتھارٹی کے لئے اس سال تقریباً 60 ارب روپے کے ریونیو کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے اور افسران نہ ملنے سے حکومت کو اربوں روپے کے ریونیو کا نقصان ہو سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے اس سال وفاقی حکومت سے ٹیکس آن سروسز واپس لے کر پنجاب ریونیو اتھارٹی قائم کی تھی جس کا چیئرپرسن تعینات کیا گیا۔ چیئرپرسن نے چیف سیکرٹری پنجاب کو لیٹر میں کہا ہے کہ افسران ریونیو اتھارٹی میں نہیں آرہے جس کی پہلی وجہ یہ ہے کہ یہاں تنخواہوں کا پیکج ڈبل نہیں ہے۔ ریونیو اتھارٹی نے ایف بی آر کے خلاف تقریباً 4 ارب ارب کا گذشتہ سال جون کے سیلز ٹیکس آن سروسز کا کلیم کیا ہے اس لئے اس کے افسران اب نہیں آرہے۔ اتھارٹی نئی بنی ہے اور یہاں پر چیلنجز زیادہ سہولتیں کم ہیں اس لئے افسران یہاں نہیں آرہے جبکہ افسران کے تبادلے کینسل کر نے کی وجہ سے منفی تاثر ابھرا ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات پر 6 افسران کی فہرست بھجوائی گئی تھی جس کے انٹرویو میں نے اور سیکرٹری خزانہ نے لئے تھے جس میں انٹرویو کے دوران ایک افسر نے پریشر ڈالنا شروع کر دیا کہ مجھے ریونیو اتھارٹی میں تعینات نہ کیا جائے جبکہ بعض افسران کی جو فہرست بھجھوائی گئی تھی ان کی تعلیمی قابلیت اور تجربہ اس اتھارٹی میں کام کرنے کا نہیں ہے۔ اس بارے میں محکمہ خزانہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ افسران دینے کے لئے متعلقہ محکموں کو لیٹر لکھا ہوا ہے ان کی طرف سے جواب نہیں دیا گیا ہے جن میں رضوان اکرم شیروانی ڈائریکٹر ایکسائز لاہور ریجن، محمد فاروق رشید ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی لیب پراجیکٹ، کاشف منظور ڈسٹرکٹ مانٹیرنگ افسر جھنگ، محمد نعیم سیکشن آفیسر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، نبیلہ ریاض سیکشن آفیسر سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ شامل ہیں۔ واضح رہے کہ حکومت پنجاب کو گذشتہ سال ٹیکس آن سروسز پر 34 ارب روپے ملے تھے جبکہ تقریباً 4 ارب کا ریونیو کا کلیم پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت سے کیا ہے تاہم اس سال زیادہ رقم کی توقع تھی۔

ای پیپر-دی نیشن