میری پاکستان واپسی کا وقت قریب آ گیا، ہر صوبے سے الیکشن لڑونگا: مشرف
قصور (نامہ نگار) قصور کی عوام کیساتھ میری وابستگی 1965ءکی جنگ سے شروع ہوئی جب ہم قصور کے روہی نالہ کے راستے سے انڈیا کے علاقہ کھیم کرن میں داخل ہوئے۔ میں نے اپنے دور حکومت میں پاکستان بھر کی طرح قصور کی عوام کیلئے بے شمار ترقیاتی کام کروائے۔ ان خےالات کا اظہار سابق صدر مشرف نے قصور کے علاقہ ساندہ چستانہ مےں ٹیلیفونک خطاب میں کےا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے موجودہ دور میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہو رہی، پاکستان میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کی بدولت مسلمان آپس میں قتل و غارت پر مجبور ہیں، وسائل کے باوجود نوجوانوں کو نوکریاں نہیں مل رہیں، غریب آدمی کو ایک وقت کی روٹی بھی میسر نہیں ہے، موجودہ حالات میں پاکستان جن مصیبتوں سے گزر رہا ہے مجھے اس پر بہت افسوس ہے ۔ پاکستان جلد آﺅں گا میرے پاکستان واپس آنے کا وقت قریب آچکا ہے میں واپس آکرعام انتخابات کے دوران پاکستان کے ہر صوبے کے ایک حلقے سے الیکشن لڑوں گا۔ اس موقع پر چودھری محمد اشرف، نعیم طاہر، حافظ غلام محی الدین، مقامی ٹکٹ ہولڈر حاجی میاں محمد شریف اور دیگر موجود تھے۔