• news

انتخابات قریب آنے پر چودھری برادران کی بوکھلاہٹ بڑھ رہی ہے: رانا ثناء

لاہور(خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پرویز الہی کے دور میں پنجاب کے بجٹ کی بجائے کرپشن اور بدعنوانی ہر سطح پر سرپلس تھی۔ اپنے دور حکومت میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کرنے والے چوہدری برادران اینڈ سنز کی داستانیں پنجاب کی شاہراہوں اور عمارتوں پر درج نظر آتی ہیں جنہیں وہ کمیشن وصول کرنے کے بعد کھنڈرات کی شکل میں چھوڑ گئے تھے۔ پرویز الہی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ جیسے جیسے انتخابات قریب آتے جا رہے ہیں چودھری برادران کی بوکھلاہٹ میں اضافہ ہو رہا ہے اور وہ اسی بوکھلاہٹ میں پنجاب حکومت پر بے بنیاد الزام تراشی کر رہے ہیں۔ پنجاب حکومت پر صوبے کو دیوالیہ کرنے کی الزام تراشی دراصل پرویز الہی کے اخلاقی دیوالیہ پن کی سب سے بڑی دلیل ہے۔ این آئی سی ایل، پنجاب بنک میں ڈاکے اور زمینوں پر قبضوں کی داستانیں عوام ابھی تک نہیں بھولے۔ ضمنی انتخابات میں (ن) لیگ کی کامیابی نے چوہدری برادران کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ علاوہ ازیں الحمرا ہال میں ”حضرت عمر فاروق کا دور خلافت اور عوام دوست پولیس“ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ امن و امان کا قیام پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ عصر حاضر میں پولیس کا پیشہ ایک چیلنج کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ عوام کی پولیس پر بڑھتی ہوئی توقعات اس بات کی غماز ہیں کہ عوام کا پولیس فورس پر اعتماد بڑھا ہے تا ہم انصاف کی فوری فراہمی کے لئے ہمارے کریمنل جسٹس سسٹم میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ محکمہ پولیس کو بطور محکمہ اپنے اندر خود سے بھی انقلابی تبدیلیاں لانے کی کوشش کرتے رہنا چاہیے۔ رانا ثناءنے کہا کہ ہمارے پاس پولیس وہ واحد فورس ہے جو دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں اور جرائم کی بیخ کنی کے لئے ڈھال اور سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی ہے۔ پولیس فورس ادائیگی فرائض میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتی۔ عوام کی حفاظت اور امن کی آبیاری گویا اس کے خون میں شامل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن