امن معاہدے پہلے بھی کئے‘ اب بھی تیار ہیں : کائرہ ۔۔۔ طالبان ہمیں سبق نہ پڑھائیں : رحمن ملک
اسلام آباد (آئی این پی+ این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات اور حکومتی ترجمان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بامقصد بات چیت پر یقین رکھتی ہے‘ ماضی میں بھی ہم نے اس کیلئے کوششیں کیں آئندہ بھی جاری رکھیں گے، دہشت گردی کی روک تھام کیلئے تمام ذرائع اور وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ طالبان کی جانب سے مذاکرات کی مشروط پیشکش کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہم نے ماضی میں صوفی محمد سے معاہدہ کیا تھا اور آئندہ بھی امن معاہدوں کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا طاہر القادری شوق سے جتنے چاہیں جلسے کرسکتے ہیں، ملکی مسائل بات چیت سے حل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ بہادری سے لڑی جو واقعی لائق تحسین ہے۔ این این آئی کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے افغانستان سے مطالبہ کیا ہے مولوی فضل اللہ سمیت پاکستانی طالبان کو ہمارے حوالے کیا جائے۔ سکھر ایئر پورٹ پر میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ افغان صدر کرزئی سے کہا ہے مولوی فضل اللہ اور تحریک طالبان پنجاب کے امیر عصمت اللہ معاویہ کو ہمارے حوالے کریں۔ رحمان ملک نے کہا معاویہ اپنے خط کے ذریعے ہمیں سبق پڑھانے کی کوشش نہ کرے۔کسی کےلئے کام کرنے والے دہشت گرد جلد گرفتار کر لیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا حکیم اللہ محسود بہادری کا مظاہرہ کرکے خود سامنے آئے اور بزدلوں کی طرح بیانات دینے کےلئے احسان اللہ احسان کو استعمال نہ کرے۔ انہوں نے الزام لگایا لشکر جھنگوی نے نون لیگ اور تحریک انصاف کی حمایت میں بیان جاری کیا ہے۔ رحمن ملک نے کہا دہشت گردی کے واقعات میں مقامی لوگ ہی ملوث ہیں باہر سے کوئی نہیں آرہا۔ صورتحال پر قابو پانے کیلئے پولیس اور دوسرے سکیورٹی اداروں کی کارکردگی بہتر بنا رہے ہیں، کسی اور کیلئے کام کرنے والوں کو جلد پکڑ لیا جائیگا۔ وزیراطلاعات اور وزیر داخلہ نے یہ ردعمل تحریک طالبان پنجاب کے امیر عصمت اللہ معاویہ کے ایک خط کے جواب میں کیا جس میں انہوں نے جنگ بندی اور مصالحت کی مشروط پیشکش کرتے ہوئے واضح کیا اگر حکومت اسلام سے ہم آہنگ خارجہ پالیسی نافذ کردے، جنگی پالیسیوں کا خاتمہ کرکے افغان جنگ کی شراکت داری ختم، ملک میں اسلام سے متصادم قوانین منسوخ کرکے قرآن و سنت کی روشنی میں آئین پاکستان کا اجراءکرے تو جنگ ختم ہو سکتی ہے۔آن لائن کے مطابق سکھر ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور خورشید احمد شاہ نے کہا ملک میں امن کے لئے طالبان کیساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا بلاول بھٹو زرداری کے روپ میں ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو عوام سے مخاطب تھے‘ بلاول کی تقریر کے ذریعے مخالفین کو تمام سوالوں کے جواب مل گئے ہیں۔ قبل ازیں سکھر میں گفتگو کرتے ہوئے قمر الزمان کائرہ نے کہا طاہر القادری کو پارلیمنٹ کے گھیراﺅ کی اجازت نہیں دینگے۔