زرداری اور حواریوں نے کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے‘ ایک ایک پائی نکلوائیں گے : شہبازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلی شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن عام الیکشن نہیں بلکہ ملکی سالمیت کا الیکشن ہے۔ مجھے یقین ہے کہ عوام ووٹ کی طاقت سے مسلم لیگ (ن)کو برسر اقتدار لائیں گے۔ محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) ملک کو صحیح معنوں میں قائدؒ اور اقبال ؒ کا پاکستان بنائے گی۔ مسٹر زرداری اور اس کے حواریوں نے کرپشن کے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آکر لٹیروں ‘ ڈاکوﺅں اور چوروں سے عوام کی لوٹی ہوئی ایک ایک پائی نکلوائے گی۔ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ ایک ہاتھ میں ایٹمی میزائل اور دوسرے ہاتھ میں کشکول ہے۔ نااہل حکمرانوں نے پاکستان کو بھکاری بنا دیا ہے۔ قومی ادارے تباہ کرکے رکھ دیئے ہیں۔ ملک میں گیس ہے نہ بجلی، لاکھوں مزدور روزانہ بیروزگار ہو رہے ہیں۔ توانائی کے بحران کے ذمہ دار زربابا اور چالیس چور ہیں اور پنجاب کے ساتھ غیرمنصفانہ سلوک کر رہے ہیں جو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مختلف صنعتوں کو بجلی اور گیس کی فراہمی بند کرکے پنجاب کی معیشت پرکاری ضرب لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ وفاقی حکومت کی کرپشن کے باعث ملک مسائل کی دلدل میں دھنس چکا ہے۔ اگر پاکستان کو بھکاری پن سے نجات دلانا ہے اور ترقی و خوشحالی کا نیا سفر شروع کرنا ہے تو آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو اقتدار میں لانا ہو گا۔ وہ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے گفتگوکررہے تھے۔ وزیر اعلی شہبازشریف نے کہا کہ مسٹر زرداری کی صدارت نے پاکستان کے عوام کو زخموں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ عوام کی لوٹی ہوئی رقم کے پیسے اگر آج ملک میں لوگوں کے لئے دستیاب ہوتے تو اس سے سینکڑوں ہسپتال‘ سکول‘ کالجز اور سڑکیں تعمیر کی جا سکتی تھیں۔ اگر عوام کو اچھی ٹرانسپورٹ دینی ہے‘ سکول‘ کالج اور رہائشی کالونیاں بنانی ہیں تو پھر روزانہ اربوں روپے کی کرپشن بندکرانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم جان لڑا دیں گے اور ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ملک آج کرپشن کے دریا میں نہیں بلکہ سمندر میں غرق ہے۔