بلاول بھٹو انگریزی کیساتھ عربی اور اردو زبان بھی جانتے ہیں
اسلام آباد (جاوید صدیق) پیپلز پارٹی کے نئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مختلف زبانیں جانتے ہیں بلاول بھٹو انگریزی‘ عربی‘ اردو جانتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق بلاول کو اب سندھی زبان بھی سکھائی جا رہی ہے۔ پی پی پی کے نئے چیئرمین کو کھیلوں سے بھی بڑی رغبت ہے۔ وہ کرکٹ‘ شکار اور گھڑ سواری میں مہارت رکھتے ہیں۔ ان کے پاس کراٹے کی بلیک بیلٹ بھی ہے۔ مسٹر بلاول بھٹو نے اپنے دادا اور والدہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آکسفورڈ کرائسٹ چرچ کالج میں تعلیم حاصل کی۔ بلاول کی عمر چوبیس برس ہے۔ کچھ عرصہ پہلے کوشش کی گئی تھی کہ آئین میں ترمیم کر کے قومی اسمبلی کا رکن بننے کی عمر 25 برس سے کم کر کے 24 برس کردی جائے لیکن پی پی پی یہ ترمیم نہیں کر سکی۔ ترمیم ہونے کی صورت میں بلاول بھٹو زرداری اگلے عام انتخابات میں حصہ لے سکتے تھے لیکن اب انہیں مزید ایک سال انتظار کرنا پڑے گا۔ پیپلز پارٹی اور ان کے والد کی کوشش ہو گی کہ جب وہ پچیس برس کے ہو جائیں تو انہیں سندھ کی کسی نشست سے قومی اسمبلی کا انتخاب لڑایا جائے۔ پی پی پی کے ذرائع کے مطابق بے نظیر بھٹو بلاول بھٹو زرداری کو اپنا سیاسی وارث بنانا چاہتی تھیں لیکن اس سے قبل وہ انہیں بیرون ملک اعلیٰ تعلیم دلانا چاہتی تھیں۔ بلاول بھٹو کو بہت کم عمری میں پارٹی کا سربراہ بنا دیا گیا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے گذشتہ روز گڑھی خدا بخش میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول نے تعلیم مکمل کر لی اب وہ کارکنوں میں رہے گا اور سیاسی تجربہ حاصل کرے گا۔بلاول کو پیپلز پارٹی کی قیادت مﺅثر طور پر چلانے کے لئے جلد سیاسی داﺅپیج سیکھنا ہوں گے اور اس میں انہیں اپنے والد کی سرپرستی حاصل رہے گی۔