پچھلے برس کی شکست کا بدلہ‘ پاکستان نے بھارت کو ہرا کر ایشین چیمپئنز ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا
دوحہ + لاہور (اے پی اے + نوائے وقت رپورٹ + سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے بھارت سے پچھلے سال ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کی شکست کا بدلہ لے لیا۔ ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ کے بعد پاکستانی ہاکی ٹیم نے بھی فائنل میں بھارت کو 4 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دیکر ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کر لی۔ پاکستان کی طرف سے وقاص شریف، محمد عمران نے 2،2 ،شفقت رسول نے ایک گول کیا۔وقاص مین آف دی ٹورنا منٹ رہے۔ پہلے ہاف میں بھارت کو 2-1 کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں بھارتی ٹیم میدان چھوڑ کر بھاگ نکلی اس وقت فائنل میچ ختم ہونے میں صرف 3 منٹ باقی تھے۔ جسے بعد میں میچ کھیلنے پر آماد ہ کر لیا گیا۔ پاکستان کے وقاص شریف اور محمد عمران میچ کے ہیرو رہے۔ ٹیم کے کپتان محمد عمران نے کہا قومی ہاکی ٹیم اپنے سنہری دور میں واپس آرہی ہے۔ پوری ٹیم بہت محنت سے کھیلی۔ نوجوان کھلاڑیوں کا کردار بہت اہم تھا۔ پورے ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی بھرپور تھی۔ صدر پی ایچ ایف قاسم ضیاءنے کہا کہ جیت پر پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ علاوہ ازیں ایشیئن چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کی فاتح قومی ہاکی ٹیم آج رات دوحہ قطر سے دبئی کے راستے لاہور پہنچے گی۔ وطن واپس پہنچنے پر پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری رانا مجاہد علی اور دیگر سابق اولمپیئنز ٹیم کا استقبال کریں گے۔ دوسری جانب صدر زرداری، وزیراعظم، نواز شریف، وزیراعلی پنجاب شہبازشریف، وزیراعلی بلوچستان اسلم رئیسانی، الطاف حسین، عمران خان، گورنرسندھ، قائم علی شاہ نے پاکستان ہاکی ٹیم کو ایشیئن چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔