• news

برفباری سے موسم مزید سرد ہو گیا، اوکاڑہ میں 2 افراد ہلاک، دھند بھی جاری

اوکاڑہ + بھیرہ + اسلام آباد (نامہ نگاران + این این آئی) بالائی علاقوں میں برفباری سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ اوکاڑہ میں سردی سے بھکارن سمیت 2 افراد جاںبحق ہو گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، شدید دھند کے باعث موٹروے کئی گھنٹے بند رہی، کئی پروازیں بھی متاثر ہوئیں، بھیرہ میں ٹریفک حادثات کے دوران 2 خواتین اور بچے سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ میں حضرت کرمانوالہ ریلوے سٹیشن کے قریب 70 سالہ بھکارن حاجراں بی بی جبکہ نواحی گا¶ں اعوان کوٹ کا رہائشی 50 سالہ طالب حسین اپنی فصلوں کو پانی لگانے جا رہا تھا کہ شدید سردی سے ٹھٹھر کر جاںبحق ہو گئے۔ بھیرہ میانی روڈ بھیرہ جھارویاں شاہ پور روڈ اور بھیرہ بھلوال روڈ پر گذشتہ روز ٹریکٹر ٹرالی اور موٹر سائیکل، آمنے سامنے جاتے موٹر سائیکلوں کے ٹکرانے جبکہ کچرا اٹھانے والے غریب محنت کشوں کے ریڑھے کے کھائی میں گرنے سے دو خواتین اور ایک بچے سمیت آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ہے، رابطہ سڑکیں بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، آئندہ دو سے تین روز کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، سرگودھا، اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ، ژوب ڈویژن اور کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ جمعہ کو شدید سردی کی لہر بلوچستان کے مغربی علاقوں میں داخل ہو گی اور ایک روز بعد ملک کے بیشتر علاقے اس کے زیر اثر آ جائیں گے۔ اطلاعات کے مطابق مری کے کئی علاقوں میں برف باری ہوئی جس کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا اور رابطہ سڑکیں بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، سکردو منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ سب سے سرد مقام رہا۔ موٹروے ترجمان کے مطابق رات گئے حد نگاہ صفر ہونے پر لاہور موٹروے کو ٹھوکر نیاز بیگ سے پنڈی بھٹیاں انٹرچینج تک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق شدید دھند کے باعث پنڈی بھٹیاں اور موٹروے ایم 2 ایم 3 دھند چھائی رہی۔ اس صورتحال سے گاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بیورو رپورٹ کے مطابق کوئٹہ میں ہلکی بارش کے بعد برف باری ہوئی جس سے موسم مزید سرد ہوگیا۔

ای پیپر-دی نیشن