امریکی سفیر کی چودھری نثار سے ملاقات‘ آئندہ انتخابات، نگران حکومت پر بات چیت
اسلام آباد(ثناءنیوز)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثارعلی خان سے جمعرات کو اسلام آباد میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے ملاقات کی۔ پاکستان کی تازہ سیاسی صورت حال دو طرفہ تعلقات باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق قائد حزب اختلاف اور امریکی سفیر کے درمیان اس اہم ملاقات میں دو طرفہ تعاون ، آئندہ کے انتخابات ممکنہ انتخابی شیڈول و نگران حکومت ، متوقع سیاسی اتحادوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ دہشت گردی و انتہا پسندی ، اپوزیشن جماعتوں کے حکومت سے تعلقات کار، انتخابات کے پرامن ماحول میں انعقاد اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے انتخابی منشور پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔قائد حزب اختلاف نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ دو طرفہ تعلقات و تعاون کے فروغ کیلئے پاکستان میںمخصوص شخصیات کے بجائے عوامی رابطوں کو مضبوط کرے ۔ عوام کی سطح پر رابطے ہی پائیدار تعلقات کے ضامن ہیں ۔