انتخابات ملتوی کرنا ملک کو بند گلی میں دھکیلنے کے مترادف ہو گا: فضل کریم
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ بندوق کو سیاست سے خارج کرنا ہو گا، وفاق بچانے کے لئے نفاق ختم کرنا ہو گا، دہشت گرد مضبوط اور ریاست کمزور ہو گئی ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کوئی قابل عمل منصوبہ نہیں بنایا گیا۔ بروقت انتخابات ہی معاشی، سماجی اور سیاسی استحکام کا واحد راستہ ہیں۔ انتخابات ملتوی کرنا ملک کو بند گلی میں دھکیلنے کے مترادف ہو گا۔ کراچی مقتل بن چکا ہے۔ آئندہ الیکشن پاکستان کے لئے زندگی اور موت کی حیثیت رکھتے ہیں۔ دولت بذریعہ سیاست اور سیاست بذریعہ دولت کی روش بدلے بغیر نیا پاکستان نہیں بن سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کا دورہ مکمل کر کے لاہور پہنچنے پر ائیرپورٹ پر میڈیا اور پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ جمہوریت میں جمہور کی شرکت یقینی بنائی جائے۔ پاکستان کا ایٹمی پروگرام امریکہ کا ہدف ہے لیکن پاکستان کی قوم اپنے لہو سے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کا دفاع کرے گی۔ مغربی جمہوریت نے ملک و قوم کو کچھ نہیں دیا۔