تبدیلی آگئی ‘ انقلاب کوئی نہیں روک سکتا: الطاف
لندن (وقت نیوز) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ملک میں تبدیلی کا آغاز ہو چکا ہے۔ نظام کی تبدیلی کیلئے عملی اقدامات کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ ملک میں انقلاب آنے سے نہیں روکا جا سکتا۔ تبدیلی کو روکنے والے تنقید برائے تنقید کا راگ الاپتے ہیں۔ اب عوام کو تبدیلی کی جدوجہد سے نہیں روکا جا سکتا۔ تبدیلی کی خواہشمند سیاسی قوتیں متحد ہو جائیں اور میدان عمل میں آئیں۔ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ وقت قریب ہے جب تخت گرائے جائیں گے جب تاج اچھالے جائیں گے۔ کرپشن‘ دھوکے بازی اور بے ایمانی کے خاتے کیلئے میدان عمل میں آ جائیں۔ ملک دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لپیٹ میں ہے۔ عوام غربت سے تنگ آ کر خودکشی کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔