• news

کراچی میں قیام امن کیلئے سندھ کو ہرممکن وسائل دینگے: وزیراعظم

کراچی (این این آئی) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ کراچی میں قیام امن کےلئے وفاق سندھ حکومت کو ہرممکن تعاون اور وسائل فراہم کرےگا، کراچی کا امن خراب کرنے والے عناصر کے خاتمے کے لئے مزید سخت اقدامات کئے جائیں، جمعہ کو گورنر ہاو¿س میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی صورتحال،کراچی میںقیام امن، ترقیاتی منصوبوں سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے کہا کہ جمہوری حکومت ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اپنی پانچ سالہ مدت پوری کر رہی ہے، آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر شفاف طریقے سے منعقد کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لئے حکومت کے ساتھ سیاسی قوتوں اور معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور تاجر برادری سمیت عوام کو ہرممکن تحفظ فراہم کیا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے، اور معاشی استحکام امن سے وابستہ ہوتا ہے، حکومت ملک میں معیشت کی مضبوطی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے جامع منصوبہ بندی کے تحت اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کراچی میں قیام امن کے لیے مزید اقدامات کئے جائیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن کو مزید تیز کیا جائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن