شدت پسندوں کے خلاف موثر کارروائی: پاکستان اور افغانستان ہاٹ لائن رابطہ قائم کرینگے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان اور افغانستان کے اعلی فوجی حکام کے مابین ہاٹ لائن رابطہ قائم کیا جائے گا۔ مستند ذرائع کے مطابق اس فیصلے کا مقصد دونوں ملکوں کی سرحد پر شدت پسندوں کے خلاف موثر کارروائیوں اور سرحدی افواج کے درمیان غلط فہمی پر مبنی تصادم کے خطرات کا تدارک کرنا اور باہمی رابطوں کو تقویت دینا ہے۔ یہ ہاٹ لائن دونوں ملکوں کے ملٹری آپریشنز کے سربراہان کے درمیان قائم کی جائے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ ہاٹ لائن پہلے سے قائم ہے اور ہر منگل کے روز دونوں ملکوں کے ڈی جی برائے ملٹری آپریشنز کا باہم رابطہ ہوتا ہے۔ نئے ایس او پیز پاکستان، افغانستان اور ایساف فورسز نے تیار کئے لے زون دفاتر کی تعداد دو سے بڑھا کر تین کر دی گئی بگرام ائر بیس پر بھی لے زون آفس بنا دیا گیا طورخم اور کابل میں پہلے ہی لے زون آفس کام کر رہے ہیں۔