بلاول بھٹو زرداری کا سیاسی مرکز پنجاب ہو گا: صدر
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی عملی سیاست کی شروعات نئے جمہوری اور سیاسی کلچر کی نوید ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو خاندان کی تیسری نسل پاکستان کے محکوم‘ محروم مزدوروں‘ کسانوں اور ہاریوں کو مساوی حقوق دلانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج انہوں نے بلاول بھٹو کو تعلیم مکمل کرنے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کی عملاً قیادت سونپ کر محترمہ بے نظیر بھٹو شہید اور پارٹی کی امانت ان کے سپرد کردی ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے نوڈیرو میں اپنی رہائش گاہ بے نظیر ہا¶س میں پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری و ایم پی اے ملک محمد عامر ڈوگر و وزیراعظم کے میڈیا کوارڈی نیٹر خواجہ رضوان عالم اور سینئر وائس صدر جنوبی پنجاب حیدر زمان قریشی پر مشتمل ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کا سیاسی مرکز پنجاب ہو گا اور ان کی طرز سیاست ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو جیسی ہو گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ بلاول بھٹو جنوبی پنجاب سمیت پورے پنجاب کا دورہ کریں گے ان کا سیاسی ڈیرہ مستقل طور پر لاہور میں ہو گا۔ اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینیٹر ملک صلاح الدین ڈوگر کی وفات پر ملک عامر ڈوگر سے اظہار افسوس کیا اور ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ ملک صلاح الدین ڈوگر کی سیاسی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ بطور سیاسی رہنما اور پارلیمنٹرین صلاح الدین ڈوگر کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔