افغان فورسز کا پھر پاکستانی مزدوروں پر تشدد‘ پاسپورٹ پھاڑ ڈالے‘ پاکستان کا احتجاج بارڈر سیل
خیبر ایجنسی+ کابل (آن لائن+ نوائے وقت نیوز) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک بار پھر پاکستانی مزدوروں پر وحشیانہ تشدد کیا ار انکے پاسپورٹ پھاڑ دیئے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے احتجاجاً پاکستان، افغانستان طورخم بارڈر کو بند کردیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق مزدوری کیلئے پاکستان سے افغانستان جانیوالے کارکنوں اور مزدوروں کو ہراساں کرنا اور ان پر افغان فورسز کا تشدد معمول بن گیا ہے۔ گزشتہ روز پھر افغان نیشنل آرمی کے اہلکاروں نے کابل کے علاقہ میں پاکستانی شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور انکے پاسپورٹ پھاڑ دیئے۔ انہیں افغانستان سے نکلنے پر مجبور کردیا۔ صورتحال کا علم ہونے پر پاکستان، افغانستان شاہراہ پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں نے سرحد بند کردی جس کے نتیجہ میں نیٹو کیلئے سامان لے جانیوالے کنٹینروں، ٹرکوں سمیت گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔