ٹیکنالوجی سے ڈاکٹرائنز‘ نئی سوچ جنم لیتی ہے : جنرل کیانی
کراچی (اے پی پی) پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر میں پاکستان نیوی مڈ شپ مین کی 98 ویں ٹرم اور شارٹ سروس کمیشن آفیسرز کے 7ویں بیچ کے کل 118 افسروں کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ ہوئی۔ اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویزکیانی مہمان خصوصی تھے۔ ان کی آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد آصف سندھیلہ نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ یہ دن مادر وطن کی سمندری سرحدوں کے دفاع کے تاحیات عزم کا آغاز ہے۔ اگرچہ یہ ایک ذمہ دارانہ چیلنج ہے۔ اس کے لیے بے لوث لگن، بے لوث جذبے کی ضرورت ہے۔ سمندری محافظوں کو اپنے پیشہ میں بہترین مہارت کیلئے جدوجہد جاری رکھنی چاہئے۔ آپ ایک باوقار ملازمت میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ پاک بحریہ کا ماضی بڑا شاندار رہا ہے۔ آپ کو اپنے پیش روﺅں کے اعلیٰ معیار کی تکمیل کیلئے دانش اور کردار کی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے پاک بحریہ کے نئے افسروں سے کہا کہ اپنے علم و مطالعہ میں اضافہ کریں۔ نظریات کا آپس میں فراخ دلانہ تبادلہ کریںاس طرح آپ ایک کھلے ذہن کے ساتھ ناممکن صورتحال سے بھی احسن طریقے سے نمٹ سکتے ہیں۔ انہوں نے برادر ممالک کے مڈشپ مین جنہوں نے گریجویشن کی کے بارے میں توقع ظاہر کی کہ انہوں نے یہاں پر جوتربیت حاصل کی ہے اس نے انہیں اپنے اپنے ممالک کی خدمات کیلئے اچھی طرح تیار کر دیا ہے۔ جنرل کیانی نے کہا کہ فواجی کمانڈرز کے طور پر آپ کو پیشہ وارانہ مہارت، قومی سلامتی کو سماجی، اقتصادی اور انفارمیشن خطرات سے آگاہ رکھیں۔ اس صورتحال نے ہمارے کندھوں پر نئی ذمہ داریاں سونپی ہیں جن میں خاص طور پر کمان کرنے والوں کی تربیت شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ آپ لوگ دنیا کی اس تیز دوڑ میں ساتھ ساتھ چلیں جہاں پر ٹیکنالوجی سے ڈاکٹرائنز اور نئی سوچ جنم لیتی ہے۔ ہمیں خود اپنے آپ کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے افسروں کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بعدازاں مہمان خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسروں میں انعامات تقسیم کیے۔ مڈ شپ مین سید سہیل کاظم کوا ن کی مجموعی بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیری عطا کی گئی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی گولڈ میڈل ،چیف آف دی نیول سٹاف گولڈ میڈل، قائداعظمؒ گولڈ میڈل اور کمانڈنٹ گولڈ میڈل بالترتیب کیڈٹ محمد سیاف پاشا، کیڈٹ بلال محمد سیف، لیفٹیننٹشاہ نواز عباسی اور کیڈٹ حنا مجیب کو دیا گیا۔ مڈ شپ مین نعیم احمد نے پاکستان نیول اکیڈمی ڈرک حاصل کی۔ پرافیشیی بینر مین ٹاپ اسکوڈرن کو عطا کیا گیا۔ تقریب میں تینوں مسلح افراد کے سینئر افسران کی بڑی تعداد، سول سروس سے تعلق رکھنے والے افسران، سفارتکاروں سمیت کمیشن حاصل کرنے والے افسران کے والدین اوررشتہ داروں نے شرکت کی۔