سپریم کورٹ 4 جنوری تک پی آئی اے اوگرا میں کرپشن کیسوں سمیت اہم مقدمات کی سماعت کرے گی، بنچ قائم
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ 31 دسمبر سے 4 جنوری 2013ءتک کیلئے عدالتی ہفتے کے دوران پی آئی اے میں کرپشن، اوگرا میں توقیر صادق کے دور میں 83 ارب روپے کی بدعنوانی سمیت دیگر اہم مقدمات کی سماعت کریگی۔ اس کے علاوہ ایل پی جی، پنجاب حکومت گرانے کیلئے آئی بی کے خفیہ اکاﺅنٹ سے 27 کروڑ روپے کی مبینہ ادائیگی، سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس، رینٹل پاور کیس، کنٹونمنٹ بورڈز کی انتخابات کا عدم انعقاد اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کی مستقلی سے متعلق کیسوں کی سماعت بھی کی جائے گی۔ ان تمام مقدمات کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ کرے گا تاہم ایک کیس اوگرا کرپشن کی سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ کرے گا۔ اس ہفتے کے دوران تیسرا بینچ جسٹس انوار ظہیر جمجالی کی سربراہی میں قائم کیا گیا ہے جبکہ ایک سپیشل تین رکنی بینچ ایک بجے کے بعد مختلف اہم مقدمات کی سماعت کرے گا۔