• news

بھارت ہٹ دھرمی چھوڑ دے انٹرا کشمیر مذاکرات فوری شروع کئے جائیں: میر واعظ


 سرینگر (آن لائن) چیئرمین حریت کانفرنس میر واعظ عمر فاروق نے کشمیریوں کو صرف شناختی کارڈ کی بنیاد پر سفر کی اجازت دینے اور فوری طورپر انٹرا کشمیر مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ مسئلہ کشمیر کے حل بارے تاخیری حربوں سے باز نہ آیا تو 2010ءجیسی انقلابی صورتحال پیدا ہو جائے گی۔ ریاستی اخبار کی رپورٹ کے مطابق دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد نئی دہلی سے سرینگر پہنچنے کے موقع پر استقبال کے لئے موجود عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے غیر مشروط حمایت اور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے، انتخابات کی آمد اور بہت سے اندرونی مسائل اور مشکلات کے باوجود پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کی غیر مشروط حمایت انتہائی خوش آئند ہے، وقت آ گیا ہے کہ بھارت بھی ہٹ دھرمی کی پالیسی ترک کرکے لچک کا مظاہرہ کرے اور مسئلہ کے حل کیلئے کالے قوانین کے خاتمے ، فوجوں کے انخلاءسمیت فوری طور پر عملی اقدامات اٹھائے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے انٹرا کشمیر مذاکرات شروع کئے جائیں جبکہ دونوں اطراف کے کشمیریوں کو صرف شناختی کارڈ کی بنیاد پر آر پار سفر کرنے کی اجازت دی جائے۔ میر واعظ نے کہاکہ افغانستان کے مسئلہ کو مسئلہ کشمیر کے حل کے ساتھ جوڑ کر دیکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ افغانستان کے مسئلہ کا حل پاکستان، بھارت دوستی میں مضمر ہے اور بھارت اور پاکستان کے تعلقات میں تب تک کسی بھی مثبت تبدیلی کا امکان نہیں جب تک ان دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی راہ میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کیا جاتا۔ میر واعظ نے کہاکہ بھارت کو زمینی حقائق کا اعتراف کرتے ہوئے اور دنیا کے دوسرے خطوں میں عوامی انقلابات کو نظر میں رکھ کر اپنے رویوں میں لچک پیدا کرنی چاہئے کیونکہ کسی بھی قوم کو فوجی اور اقتصادی طاقت کے بل پر زیادہ دیر تک غلام نہیں رکھا جا سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن