مری: ٹرالرکی زد میں آ کر لاہور کا نوجوان دوست سمیت جاں بحق
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) برفباری کا نظارہ کرنے کے لئے مری جانے والے دو نوجوان دوست ٹرالر کی زد میں آ کر زندگی کی بازی ہار گئے۔ ان میں سے ایک کا تعلق گوالمنڈی اور دوسرا چوہڑ ہڑپال کا رہائشی تھا۔ دو نوجوان میتیں واپس لائی گئیں تو علاقہ میں کہرام مچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق گوالمنڈی کا رہائشی محمد رضوان اپنی فیملی کے ساتھ مری گیا تو واپسی پر ان کی گاڑی رات ایک بجے ہائی وے پر بند ہو گئی جس پر اس نے چوہڑ میں اپنے دوست علی رضا کو فون کر کے بلوایا جو اپنے دوستوں کے ہمراہ وہاں پہنچا تو علی رضا اور رضوان کار میں ہی رہ گئے جبکہ دیگر دوست پانی لینے چلے گئے۔ اس اثناءمیں علی رضا اور رضوان کار سے باہر نکلے تو اچانک عقب سے آنے والے تیز رفتار ٹرالر نے انہیں بری طرح کچل دیا۔ دونوں موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ علی رضا ماں باپ کا اکلوتا بیٹا تھا جبکہ دونوں نے بالترتیب بیوہ کے علاوہ ایک ایک بچی اور والدین پسماندگان میں چھوڑے ہیں۔ ٹرالر کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔