لاہور میں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، شہری سراپا احتجاج
لاہور (نیوز رپورٹر+ نمائندگان) صوبائی دارالحکومت میں بجلی اور گیس کی لمبی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل نہ ہو سکا جس پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ شہر میں ایک طرف بجلی کئی کئی گھنٹے غائب رہتی ہے دوسری طرف گیس کی بندش نے شہریوں کو ذہنی بیمار بنا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کے نظام میں خسارہ 41 سو میگاواٹ ہے جس کو پورا کرنے کیلئے 14 گھنٹے تک بجلی بند کی جا رہی ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں گیس صبح اور شام کے وقت دستیاب نہیں ہوتی جس کی وجہ سے گھریلو خواتین کو کھانا تیار کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لاہور میں اقبال ٹاﺅن، گلشن، نیلم بلاک، مسلم ٹاﺅن، سبزہ زار، اتحاد کالونی، سمن آباد، الحمراءکالونی، مصری شاہ، فیض باغ، اندرون لاہور، مزنگ، میسن روڈ، شارع فاطمہ جنا، کوئنز روڈ، حمید نظامی روڈ سمیت دیگر میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل نہ ہو سکا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوا ئے وقت کے مطابق حافظ آباد میں بجلی کی پندرہ پندرہ گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے کاروبار تباہ کر دیئے جبکہ بجلی کی طویل بندش سے پاور لومز فیکٹریوں پر تالے لگنے سے ہزاروں مزدور معاشی بد حالی کا شکار ہو گئے۔آئی این پی کے مطابق وفاقی وزیر پانی و بجلی چودھری احمد مختار نے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کا سخت نوٹس لے لیا اور لیسکو سمیت تمام کمپنیوں سے فوری طور پر لوڈشیڈنگ کے شیڈول وزارت پانی و بجلی کو بھجوانے کی ہدایت کر دی جبکہ وفاقی وزیر پانی و بجلی نے وزیراعظم کے مشیر برائے پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین سے پاور سیکٹر کو مزید گیس کی فراہمی کی درخواست کر دی۔ بتایا گیا ہے کہ ہفتے کے روز وفاقی وزیر پانی و بجلی چودھری احمد مختار نے بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی خبریں سامنے آنے کے بعد اسکا سخت نوٹس لے لیا ہے اور لیسکو، فیسکو سمیت تمام کمپنیوں کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ فوری طور پر غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کیا جائے اور جہاں کہیں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔