سیاسی جماعتیں ،پارٹی انتخابات اور گوشوارے جمع کروائیں
الیکشن کمشن نے واضح کیا ہے کہ پارٹی انتخابات نہ کرانے اور اثاثوں کے گوشوارے فراہم نہ کرنے والی سیاسی جماعتیں آئندہ عام انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔
تمام سیاسی جماعتیں پولیٹکل پارٹیز ایکٹ 2002 کی شق بارہ اور تیرہ کے مطابق جب تک جماعتی الیکشن اور اپنے اثاثوں کے گوشوارے جمع نہیں کروائیں گی انہیں اس وقت انتخابی نشان الاٹ نہیں کئے جائیں گے۔ اس وقت مسلم لیگ (ن)، جماعت اسلامی، ق لیگ، جمعیت علماءاسلام نے الیکشن کروا لئے ہیں جبکہ تحریک انصاف ابھی انتخابات کروا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کو بھی انتخابات کروانے چاہئیں، تاکہ عام انتخابات میں اسے پریشانی نہ ہو۔
ابھی عام الیکشن میں وقت ہے تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن کمشن کے قواعد و ضوابط پر عمل کرنا چاہئے اور حفاظتی انتظامات کے متعلق الیکشن کمشن نے جو بھی نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ اس پر ہر کسی کو عمل کرنے کے لئے اپنے امیدواروں کو پابند کرنا چاہئے تاکہ الیکشن صاف و شفاف ہوں اور کسی بھی جماعت میں شفافیت پر انگلی اٹھانے کا موقع نہ ملے۔