احمد محمود کو گورنر بنانے سے پیپلز پارٹی بہاولپور کارڈ نہیں کھیل سکتی: جعفر اقبال
لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی، مسلم لیگ (ن) پنجاب کے سینئر نائب صدر اور سینٹ کے لئے نامزد امیدوار چودھری جعفر اقبال نے کہا ہے کہ عوامی مینڈیٹ کا فیصلہ بڑے جلسوں سے نہیں الیکشن میں ہو گا، پاکستان تحریک انصاف میں ون مین شو ہے، مزید انتظامی یونٹ بنانے کی ضرورت محسوس ہوئی تو مسلم لیگ (ن) الیکشن جیت کر قومی کمشن بنائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں انہوں نے نوائے وقت گروپ کے ایڈیٹر انچیف مجید نظامی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ چودھری جعفر اقبال نے مزید کہا کہ نواز شریف کی ملکی ترقی و سلامتی کیلئے واضح پالیسی اور شہباز شریف کی پنجاب کی ترقی کیلئے انتھک محنت کے باعث لوگ منتظر ہیں کہ کب ووٹ ڈالنے کا وقت آئے اور وہ مسلم لیگ ن کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔۔ مسلم لیگ (ن) صوبہ بہاولپور کی صدق دل سے بحالی چاہتی ہے۔ سید احمد محمود کو گورنر بنانے سے پیپلز پارٹی بہاولپور کارڈ نہیں کھیل سکتی۔ مسلم لیگ (ن) صوبہ بہاولپور بحال کرائے گی، پیپلز پارٹی ایسا کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ کہ عمران خان نے کہا ہے کہ انہوں نے طاہر القادری کے ساتھ نہیں چلنا، اس سے ثابت ہو گیا کہ پاکستان تحریک انصاف ون مین شو ہے۔