• news

میں اور طاہر القادری ملک بچائینگے، کارکن لانگ مارچ کیلئے عطیات جمع کریں: الطاف

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کو فی الفور سکیورٹی فراہم کی جائے۔ نائن زیرو پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں عدل و انصاف کا نظام چاہتے ہیں، نظام کی تبدیلی کیلئے قربانیاں دیں، کارکنوں کی شہادت کے باوجود وطن سے علیحدگی کا نعرہ نہیں لگایا، انقلاب لانے کیلئے ہم طاہر القادری کے ساتھ ہیں۔ طاہر القادری کے دفتر، رہائش سے سکیورٹی ہٹانا غیراخلاقی ہے۔ ملک بچانے کیلئے تمام قوتیں متحد ہو جائیں۔ تحریک اس لئے بنائی تاکہ عزت کی زندگی گزار سکیں۔ میرے ساتھ ملک بچانے کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ بلوچستان اور خیبر پی کے کی صورتحال خراب ہے، اہلکاروں کو قتل کر دیا گیا۔ ہماری کوتاہیوں سے پاکستان کا ایک حصہ ٹوٹ گیا، مسلح افواج اور تمام حکمران ملک بچانے میں ہمارا ساتھ دیں۔ ہمارا ساتھ نہ دیا تو پھر ان حکمرانوں سے آمنا سامنا ہو گا، ملک میں تبدیلی لانے کیلئے طاہر القادری کے ساتھ ہیں، اب ہاتھوں میں ہاتھ رہے گا، بھائی کی حیثیت سے طاہر القادری کے ہاتھ دیا ہے۔ میں اور طاہر القادری پاکستان بچانے کیلئے تدبیریں کر رہے ہیں۔ قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ نے مل کر پاکستان کی تشکیل کی تھی، ہم انتہائی مشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہیں، پاکستان بچانے کیلئے کارکنوں کو آگے بڑھنا ہو گا۔ طاہر القادری نے حق کا علم بلند کیا اور میں نے ان کا ساتھ دیا ہے۔ الطاف حسین نے لانگ مارچ کے انتظامات کیلئے لوگوں سے عطیات کی اپیل کی اور تمام کارکن جہاں بھی ہوں، کیمپ لگائیں اور عطیات جمع کریں۔ انہوں نے کہا خاندانی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں، جب قافلے اسلام آباد رواں دواں ہوں تو انقلاب آئے گا۔ چند دولت مندوں کا پاکستان پر قبضہ ہے اس سے نجات چاہتے ہیں، ملک بھر کے کارکنان لانگ مارچ کیلئے عطیات جمع کریں۔ دریں اثناءاپنے بیان میں الطاف حسین نے پشاور میں دہشت گردوں کی لیویز کے اہلکاروں کو اغواء کرنے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کرنے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا حملہ ملک کی سلامتی پر حملہ ہے اور دہشت گرد ملک و قوم کے کھلے دشمن ہیں۔ الطاف حسین نے صدر، وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ لیویز اہلکاروں کو اغواءکرنے کے بعد قتل کا نوٹس لیا جائے اور ملزموں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ مقتول نوجوان شاہ زیب کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن