شیخ خلیفہ بن زید النیہان چولستان پہنچ گئے، صدر زرداری سے ملاقات
رحیم یار خان + بہاولپور (اے پی پی) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النیہان نجی دورہ پر الحبیب ائر پورٹ چولستان پہنچ گئے۔ صدر زرداری، مواصلات کے وزیر مملکت دوست محمد مزاری، سابق وزیر اعظم بلخ شیر مزاری، رکن قومی اسمبلی سعود مجید اور اعلیٰ سرکاری حکام نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ اس سے قبل جب صدر زرداری ائیرپورٹ پہنچے تو امارات کے وزیر تعلیم شیخ النہیان المبارک اور اعلیٰ حکام نے ان کا خیر مقدم کیا۔مزید برآں صدر زرداری نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان موجودہ ٹھوس دو طرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے اور تجارتی تعلقات پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ شیخ خلیفہ بن زید بن سلطان النیہان کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون میں مزید اضافے اور علاقائی ایشوز کا جائزہ لیا۔ صدارتی ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے بتایا ملاقات کے دوران صدر زرداری نے دونوں ممالک کے دوران قریبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دوران مذہبی ، روایتی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔ صدر نے پاک یو اے ای تعلقات میں اضافے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گزشتہ 5برسوں کے دوران تعاون کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو بڑی تقویت ملی ہے۔ پاکستان تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ صدر نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کو، سرمایہ کار دوستانہ مراعات کے پیکجوں سے استفادہ کرنے کی دعوت دی جو موجودہ حکومت ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کوفراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار اب کسی خدشے کے بغیر سرمایہ کاری کر سکتے ہیں کیونکہ سرمایہ کاروں کو تمام مراعات اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید بن سلطان النیہان نے اپنے پرتپاک استقبال پر صدر مملکت اور پاکستان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا متحدہ عرب امارات ضرورت کی ہر گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ اپنا تعاون اور امداد جاری رکھے گا۔