• news

شمالی وزیرستان: قافلے پر حملہ، 2 اہلکار جاں بحق، باڑہ سے 2 نعشیں برآمد

میرانشاہ + باڑہ + پشاور (نامہ نگاران + بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) شمالی وزیرستان میں فورسز کے قافلے پر حملے میں 2 اہلکار جاں بحق 2 زخمی ہو گئے۔ باڑہ سے 2 افراد کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ شدت پسندوں نے 2 سکول بھی دھماکہ خیز مواد سے اڑا دئیے گئے گھر پر گولہ گرنے سے 2 خواتین جاں بحق، 2 بچوں سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔ پشاور میں سینما کے قریب بم دھماکے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق شدت پسندوں نے میرانشاہ دتہ خیل روڈ پر ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے گاڑی کو نشانہ بنایا۔ علاقے میں پہلے سے ہی کرفیو نافذ تھا اور سڑک سے فوجی قافلہ گزر رہا تھا۔ فورسز نے سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا۔ ادھر خیبر ایجنسی کے علاقے سپاہ اور ملک دین خیل میں آپریشن کے دوران شدت پسندوں کے چار خالی مکان بارودی مواد سے تباہ کر دئیے گئے۔ صوابی میں مستری خانے کے عقب میں گھی کے ڈبے میں پڑے بارودی مواد کو بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔ سرکاری حکام کے مطابق باڑہ کے نواحی علاقہ ملک دین خیل میں 2 نعشیں پڑی ہوئی ملیں جن کو مقامی افراد نے دیکھا تاہم کرفیو کے باعث اجازت نہ ہونے پر وہ وہیں پڑی رہیں تاہم بعدازاں سکیورٹی فورسز کو اطلاع ملنے اور ان کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد نعشوں کی شناخت اعجاز اور نجیب اللہ کے ناموں سے ہوئی بتایا جاتا ہے کہ دونوں آپس میں رشتہ دار ہیں۔ ملک دین خیل کو ہی شیر حیدر کے مقام پر فورسز کی جانب سے خبردار کیا ہے کہ وہ علاقہ خالی کردیں جس کے بعد کئی خاندان بے سروسامانی کی حالت میں علاقے سے نقل مکانی کر گئے۔ پشاور میں دھماکہ سے سینما ہاﺅس کے بیرونی گیٹ کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ دھماکہ ٹائم ڈیوائس کا تھا جس میں 200 گرام تک بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن