• news

مسلم لیگ کو متحد کیا جائے‘ یوم تاسیس کی تقریب میں قرارداد متفقہ منظور‘ اتحاد کیلئے کوششوں پر مجید نظامی کو زبردست خراج تحسین

لا ہور(خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ہمخیال پنجاب کے زیراہتمام مسلم لیگ کے 107 ویں یوم تاسیس کی تقریب مسلم لیگی دھڑوں کے اتحاد کے لئے اجلاس میں تبدیل ہوگئی اور مسلم لیگ ہمخیال، مسلم لیگ فنکشنل اور مسلم لیگ ن کے رہنماﺅں اور کارکنوں نے متفقہ طور پر مسلم لیگ کو متحد کرنے کی قرارداد منظور کرلی۔ تقریب میں مسلم لیگ فنکشنل کے مرکزی سینئر نائب صدر سلطان محمود خان ایڈووکیٹ، مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ محمود احمد، مسلم لیگ ہمخیال پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید قلندر حسین شاہ سمیت دیگر رہنماﺅں و کارکنوں نے قرارداد کی حمایت کی۔ قرارداد میں تمام مسلم لیگی دھڑوں سے مطالبہ کیا گیا کہ ملکی حالات کے پیش نظر اکٹھے ہو کر الیکشن لڑیں تاکہ مسلم لیگ اقتدار میں آ کر ملک کو سنگین بحرانوں سے نکال سکے، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ کے مختلف دھڑوں کو الیکشن 2008ءمیں ملنے والے ووٹ کسی بھی سیاسی جماعت سے زیادہ ہیں اور متحد ہونے کے بعد مسلم لیگ آنے والے الیکشن میں کلین سویپ کرسکتی ہے۔ اس موقع پر مقررین نے تحریک پاکستان کے ممتاز کارکن اور نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین مجید نظامی کو مسلم لیگی دھڑوں کے اتحاد کے بارے میں کوششوں پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ مسلم لیگ فنکشنل کے مرکزی سینئر نائب صدر سلطان محمود خاں ایڈووکیٹ نے کہا کہ جناب مجید نظامی کی مسلم لیگی دھڑوں کو ایک کرنے کی آواز پر کان دھرا جاتا تو اب تک مسلم لیگ متحد ہو چکی ہوتی۔ پیر صاحب پگارا مرحوم کی طرح موجودہ پیر صاحب پگارا بھی غیر مشروط طور پر مسلم لیگ کو متحد دیکھنے کے خواہاں ہیں۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ محمود احمد نے جناب مجید نظامی کو مسلم لیگیوں کے لئے روشنی کا مینارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ کو ایک کرنے میں مجید نظامی اور نوازشریف کا کردار سب سے اہم ہوگا۔ مسلم لیگ ہمخیال پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید قلندر حسین شاہ نے کہا کہ مجید نظامی سچے اور پکے مسلم لیگی ہیں تمام مسلم لیگی کارکن ان کی لیگی اتحاد کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ مسلم لیگ ہمخیال کے ناصر محمود ایڈووکیٹ، شاہد گھمن، مسلم لیگ ن کے عثمان تنویر بٹ، مسلم لیگ فنکشنل کے عزیز ظفر آزاد نے بھی جناب مجید نظامی کو مسلم لیگی دھڑوں کے اتحاد کے لئے امیدوں کا مرکز قرار دیا۔

ای پیپر-دی نیشن