2012ئ: 39 خودکش حملے، 365 دنوں میں 365 ہلاکتیں
اسلام آباد (آئی این پی+نیشن رپورٹ) ملک بھر میں 2012ءکے دوران 39 خودکش جبکہ 47 ڈرون حملے ہوئے۔ ڈرون حملوں میں 337 جبکہ
خودکش حملوں میں 365 ہلاکتیں ہوئیں، خودکش حملوں میں 365 دنوں میں 365 ہلاکتیں بنتی ہیں۔ گزشتہ برس کی نسبت سال 2012ءمیں حملوں میں کمی آئی۔ سال 2011ءمیں 41 خودکش جبکہ 73 ڈرون حملے ہوئے تھے۔ رواں سال پہلا خودکش حملہ 14جنوری کو ڈیرہ اسماعیل خان جبکہ پہلا ڈرون حملہ 10 جنوری کو میرانشاہ میں ہوا۔ سال کے آخری خودکش حملہ میں خیبر پی کے کے سینئر وزیر بشیر بلور کی شہادت ہوئی، گزشتہ برسوں کی طرح رواں سال بھی پاکستان دہشت گردی کا نشانہ بنتا رہا۔ سال 2012ء کے دوران پاکستان میں کل 39 خودکش حملے ہوئے جن میں کم از کم 365 افراد جاں بحق جبکہ 602 زخمی ہوئے۔ سال کا پہلا خودکش حملہ 14جنوری کو خیبر پی کے کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہوا جس میں 8 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ آخری خودکش حملہ 22 دسمبر کو پشاور میں ہوا جس میں خیبر پی کے کے سینئر وزیر بشیر بلور سمیت 10 افراد جاں بحق ہوئے۔ دوسری طرف سال 2012ءکے دوران پاکستان میں کل 47 ڈرون حملے ہوئے جن میں کم از کم 337 افرادجاں بحق جبکہ 90 زخمی ہوئے۔ سال کا پہلا ڈرون حملہ 10 جنوری کو شمالی وزیرستان کے علاقہ میرانشاہ جبکہ آخری ڈرون حملہ 21 دسمبر کو میرعلی میں ہوا جس میں 4افراد جاں بحق ہوئے۔ سال 2011ء میں کل 73 ڈرون حملے ہوئے تھے جن میں 574 افرادجاں بحق اور 154 زخمی ہوئے تھے جبکہ اسی سال کل 41 خودکش حملوں میں 628 افرادجاں بحق اور 1183 زخمی ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں پہلا ڈرون حملہ 18 جون 2004ءکو جنوبی وزیرستان کے علاقہ وانا میں ہوا تھا جس میں طالبان کے ایک ساتھی سمیت 5 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔