دہشت گردی، ملک دشمن سرگرمیاں، انتہائی مطلوب 119 ملزموں کی فہرست تیار
راولپنڈی (آئی این پی) ایف آئی اے اور قانون نافذکرنے والے قومی وصوبائی اداروں نے دہشت گردی اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث انتہائی مطلوب 119 ملزموں کی فہرست مرتب کرلی ہے، بے نظیر بھٹو قتل کیس کے چار مفرور ملزموں کے نام سرفہرست، تمام ملزموں کی گرفتاری کیلئے نئی حکمت عملی تیار کرلی گئی۔ ذرائع کے مطابق انتہائی مطلوب افراد کے ایف آئی اے کے پاس موجود فہرست میں پہلے نمبر پر بے نظیر بھٹو قتل کیس میں چار ملزم عباد الرحمن عرف نعمان عرف عثمان، فیض محمد، عبداللہ عرف صدام اور اکرام اللہ شامل ہیں، دوسرے نمبر پر راولپنڈی ہی کے تھانہ صادق آباد میں 6 جون2008 ءکو درج ہونےو الے مقدمہ نمبر 291/08 میں شامل 9 ملزموں اعجاز عرف منصور عرف نعیم عرف استاد عبدالرحمن، سلیمان عرف شانی، وسیم، سعد منیر ڈار عرف معاذ، کمانڈر طارق، سردار سکنہ سوات، ولی محمد سکنہ کوٹ کئی شمالی وزیرستان ایجنسی، ریحان عرف عبد الرشید، سکنہ مدرسہ سراج الحقانیہ مانسہرہ ،قاری محمد حسین ولد یاسین خان ہیں، 12 جنوری کو مقدمے میں مجموعی طور پر 19 ملزموں کو انتہائی مطلوب قراردیاگیا ان میں محمد امجد خان،افتخار علی، شاہد غفور، عبد الرحمن ،محمد عثمان ،عتیق الرحمن ،ریاض احمد ، محمد مشتاق ، محمد نعیم، عبدالشکور، محمد صابر سلفی ،محمد عثمان ولد بشیر احمد ،شکیل احمد ،سفیان ظفر ، محمدعثمان ضیاء، محمد عباس ناصر ،جاوید اقبال ،مختار احمد ،احمد سعید اور محمد خان شامل ہیں، وفاقی دارالحکومت کی پولیس کودہشتگردی کی وارداتوں میں ملوث 3 انتہائی مطلوب ملزموں کی تلاش ہے ان میں رانا اشفاق احمد ،ابرارالدین سید اور محمد عمران شامل ہیں، پنجاب پولیس کو 25، سندھ پولیس کو24 ،خیبر پی کے کے پولیس کو16 اوربلوچستان پولیس کو18 انتہائی مطلوب ملزموں کی تلاش ہے، بے نظیر قتل کیس میں مطلوب ملزم عباد الرحمن کی ایف آئی اے کے پاس تصویر کے علاوہ کوئی دوسری شناخت نہیں صرف یہ کہا گیا ہے کہ وہ بیت اللہ محسود کے قریبی ساتھیوں میں سے ہے اور دہشتگردی کے مراکز قائم کر رکھے ہیں وہ جنرل مشرف کو بھی مارنا چاہتا تھا۔