• news

آمدن 829، اخراجات 820 ارب ریال، سعودی عرب کے تاریخی بجٹ کی منظوری

جدہ (امیر محمد خان سے) سعودی کابینہ نے خادم الحرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس میں 1434-1435 ہجری مالی سال کے تاریخی بجٹ کی منظوری دے دی، آمدنی کا تخمینہ 829 ارب ریال جبکہ اخراجات 820 ارب ریال ہوں گے۔ شاہ عبداللہ نے قوم کے نام خطاب میں نئے بجٹ کے اعلان پر اللہ تعالی کے فضل و کرم پر رب العالمین کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی و ترقیاتی منصوبے جاری رکھے اور شہریوں کے لئے روزگار کے مزید مواقع مہیا کئے جائیں گے، خدمات عامہ کا معیار بلند کیا جائے گا اور بنیادی سہولتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ بجٹ میں فروغ افرادی قوت، بنیادی ڈھانچے اور سماجی خدمات کے لئے280 ارب ریال، جنرل تعلیم، اعلیٰ تعلیم اور افرادی قوت کی تربیت کے لئے 204 ارب ریال سے زیادہ مقرر کئے ہیں جبکہ پانی، صنعت، تجارت اور قدرتی وسائل کے لئے 57 ارب ریال مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو عصری ضرورتوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے نئے سکول اور نئے تربیتی مراکز کھولے جائیں گے، موجودہ یونیورسٹیوں کے کیمپس مکمل کئے جائیں گے، 19 نئے ہسپتال اور 5 نئے میڈکل سینٹر بنیں گے۔ عدالتی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور سائنس و ٹیکنالوجی کے قومی منصوبے نافذ کرنے کے لئے خصوصی بجٹ رکھے گئے ہیں۔ سال رواں 1433-1434 ہجری مالیاتی بجٹ کے آخر تک آمدنی ایک ٹریلن 239 ارب 500 ملین ریال ہو گی، اس سال کے اخراجات 853 ارب ریال ہوں گے جو تخمینے سے 163 ارب ریال زیادہ ہوں گے۔ سعودی مالیاتی ایجنسی کے تخمینوں کے مطابق رواں مالی سال کے دوران برآمدات ایک ہزار 485 ارب ریال ہوئیں جو کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن