دہلی ایئرپورٹ پر سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا
دہلی/ لاہور (اے پی پی) پاکستان اور بھارت کے مابین چنائی میں ہونے والا پہلا ون ڈے دیکھنے کے لئے آنے والے سابق ٹیسٹ کرکٹرز صادق محمد، پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن چوہدری انور اور قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ کی اہلیہ کو شدید دقت کا سامنا کرنا پڑا۔ علامہ اقبال ایئرپورٹ لاہور میں ان کی دہلی جانے والی فلائٹ چار گھنٹے لیٹ ہوئی جس کی وجہ سے انہیں ایئرپورٹ پر انتظار کی کوفت سے گزرنا پڑا اور فلائٹ جب نئی دہلی ایئرپورٹ پہنچی تو امیگریشن حکام نے ان کے دونوں ہاتھوں کی انگلیوں کے فنگر پرنٹ لئے۔ فنگر پرنٹ کا پراسس مکمل نہ ہونے پر ان کے ہاتھوں کی انگلیوں پر پانی لگوا کر دوبارہ فنگر پرنٹ لئے گئے۔ دہلی آنے والے پاکستانی دہلی سے لاہور کی فلائٹ مس ہونے کے خدشے میں مبتلا رہے۔