• news

طاہر القادری، الطاف کو سیاست میں حصہ لینے سے روکا جائے سپریم کورٹ میں رٹ درخواست

لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں تحریک منہاج القران کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو14جنوری کو اعلان کردہ لانگ مارچ اور الطاف حسین کو سیاست میں حصہ لینے سے روکنے کےلئے رٹ درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست گذار بیرسٹر ظفرا للہ کی طرف سے دائر رٹ میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری اسٹیبلشمنٹ کے ایجنڈے پر لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر چکے ہے جبکہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اس لانگ مارچ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ دونوں راہنماﺅں کا اعلان کر دہ مارچ ملک کو غیر مستحکم کرنے کے مترادف اور آئندہ عام انتخابات روکنے کی سازش ہے۔ الطاف حسین برطانوی اور ڈاکٹرطاہرالقادری کینیڈین شہریت کے حامل ہیں۔ مروجہ قانون اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق دونوں رہنما کسی سیاسی جماعت کے سربراہ بننے کے اہل ہیں نہ ہی آئین انہیں سیاست میں حصہ لینے کی اجازت دیتا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق نوے کی دہائی میں لاہور ہائیکورٹ کے فاضل جج پرمشتمل کمیشن طاہر القادری کو ذہنی بیمار قرار دے چکا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔ عدالت سے مزید استدعا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے اعلان کردہ لانگ مارچ کو غیر آئینی قرار دے کر روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں جبکہ طاہرالقادری اور الطاف حسین کو سیاست میں حصہ لینے سے بھی روکا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن