• news

سال نو کی آمد پر ملک بھر میں جشن، کراچی میں فائرنگ سے ایک جاں بحق

لاہور+ کراچی (اپنے نمائندے سے+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور میں نئے سال کی آمد کے موقع پر رات 12بجتے ہی منچلے سڑکوں پر نکل آئے ، بھنگڑے اور ہلڑبازی سے معروف شاہراﺅں پر بدترین ٹریفک جام رہا ۔ مختلف علاقوں میں فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا جبکہ ون ویلنگ اور دیگر کر تب دکھاتے ہوئے متعدد زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گئے جبکہ منچلے فیملیز، خواتین اور لڑکیوں کو چھیڑ چھاڑ کرتے رہے۔ نیو ائیر نائٹ پر مختلف علاقوں میں ہلڑ بازی کرنے والے نوجوانوں کو روکنے کے لئے 10ہزار اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔ پولیس اہلکاروں اور منچلوں میں رات بھر آنکھ مچولی جاری رہی۔ شہر کے پوش علاقوں میں ڈانس پارٹیز کا اہتمام کیا گیا تھا۔ بعض جگہوں پر پولیس اہلکار ان پارٹیز کے باہر پہرہ دیتے رہے ۔ 2012کو الوداع اور نئے سال 2013ءکا استقبال کرنے کیلئے شہر میں منچلے شاہراﺅں پر نکل آئے جبکہ شہر گولیوں کی تھر تھراہٹ سے گونج اُٹھا ۔ سی سی پی او لاہور اسلم ترین اور ڈی آئی جی رائے طاہر نے تمام شاہراﺅں کا خود دورہ کیا اور سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا۔ مال روڈ ، جیل روڈ ، گلبرگ مین مارکیٹ ، کینال روڈ، جوہر ٹاﺅن ، اقبال ٹاﺅن ، ڈیفنس سمیت دیگر معروف شاہراﺅں پر منچلوں اور ویلروں کا راج دیکھنے میں آیا۔ اس موقع پر پولیس کے جوانوں کے سڑک کنارے کھڑے ہو کر تماشا دیکھنے کو ہی عافیت جانا۔ ملک کے دیگر شہروں میں بھی نئے سال کی آمد پر نوجوانوں نے بھنگڑے ڈالے اور ہلا گلا کیا۔ کراچی میں اس موقع پر زبردست ہوائی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، 5 زخمی ہو گئے۔ پولیس کی ناکہ بندیوں کی وجہ سے کراچی کے مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام رہا۔

ای پیپر-دی نیشن