خراب موسم: دفاع پاکستان کونسل نے 11 جنوری کا امن مارچ موخر کر دیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) دفاع پاکستان کونسل کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس لیاقت بلوچ کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں امیر حمزہ، نذیر احمد جنجوعہ، حافظ ساجد انور، قاری یعقوب شیخ، مولانا شمس الرحمن معاویہ، مولانا سید عبدالوحید شاہ شریک تھے۔ اجلاس میں آنے والے دنوں میں مختلف پروگرام ترتیب دئیے گئے۔ دفاع پاکستان کونسل کے رہنماﺅں نے باہمی مشاورت سے خرابی موسم کے باعث 11 جنوری کو کراچی سے اسلام آباد تک شروع ہونے والے امن مارچ کو م¶خر کر دیا۔ اس امن مارچ کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اسی طرح دفاع پاکستان کونسل 5 جنوری کو یوم حق خودارادیت برائے کشمیر اور 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر پورے ملی جوش و جذبے کے ساتھ منائے گی۔ 5 فروری کی مناسبت سے ملک بھر کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز پر کشمیر کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی اور کارواں نکالے جائیں گے۔ مرکزی قائدین 5 فروری کو راولپنڈی سے اسلام آباد تک کشمیر کارواں کی قیادت کریں گے۔ بعدازاں لیاقت بلوچ نے شیخ رشید احمد، محمد احمد لدھیانوی، مولانا عبدالرﺅف فاروقی کو فون کر کے دفاع پاکستان کونسل کی سٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔