نئے سال میں بروقت اور شفاف انتخابات عوام کے لئے خوشحالی لائیں گے: نوازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے قوم کو نئے عیسوی سال کی مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نئے عیسوی سال میں بروقت، آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد عوام کے لئے خوشحالی اور خوشیاں لائے گا۔ اپنے ایک خصوصی پیغام میں نواز شریف نے کہا کہ نئے سال کے آغاز کے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ ہم معاشرے سے فرقہ واریت، عدم برداشت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحد ہو کر پاکستان کو امن و آشتی کا گہوارہ بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیا سال اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ قوم کو پانچ سال کے انتظار کے بعد اپنے نئے نمائندے منتخب کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) یہ سمجھتی ہے کہ ملک اور قوم کے لئے الیکشن 2013ءانتہائی اہم ہیں کیونکہ جمہوری معاشروں میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات ہی مثبت تبدیلی اور ملک کے استحکام کی ضمانت ہوا کرتے ہیں۔ قوم مقررہ وقت پر الیکشن کے لئے پرعزم ہے اور الیکشن کا انعقاد انشاءاللہ ہر حال میں ہو گا۔ نوازشریف نے مزید کہا کہ مقررہ وقت پر آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات نئے سال کا عوام کے لئے بہترین تحفہ ہے۔