بلوچستان اسمبلی: مطیع اللہ آغا بلا مقابلہ سپیکر‘ فوزیہ مری ڈپٹی سپیکر منتخب ‘ ہائیکورٹ نے بھوتانی کی درخواست خارج کر دی
کوئٹہ (ثناءنیوز + این این آئی) جے یو آئی ف کے مطیع اللہ آغا بلوچستان اسمبلی کے بلامقابلہ سپیکر اور بی این پی عوامی کی فوزیہ نذیر مری ڈپٹی سپےکر منتخب ہو گئی ہےں۔ اسمبلی کا اجلاس ڈاکٹر فوزیہ مری کی صدارت میں شروع ہوا۔ اس دوران ڈپٹی سپیکر مطیع اللہ آغا نے سپیکر کے عہدے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ ان کے مقابلے میں کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا اور مطیع اللہ آغا بلامقابلہ سپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب ہوگئے۔ سپیکر کی نشست محمد اسلم بھوتانی کے خلاف اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد منظور ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ بلا مقابلہ سپےکر منتخب ہونے پرمطیع اللہ آغا سے قائم مقام سپیکر ڈاکٹر فوزیہ مری نے حلف لیا۔ مطیع اللہ آغا کے سپیکر منتخب ہونے کے بعد ڈپٹی سپیکر کا عہدہ خالی ہو گیا تھا۔ بعد ازاں ڈپٹی سپےکر کے عہدے کے انتخاب کے لےے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔ بی این پی عوامی کی فوزیہ نذیر مری کے مقابلے مےں کسی نے کاغذات نامزدگی جمع نہےں کرائے ۔ چنانچہ فوزیہ نذیر مری بلا مقابلہ ڈپٹی سپےکر منتخب ہوگئےں۔ ڈاکٹرفوزیہ مری بلوچستان اسمبلی کی پہلی خاتون ڈپٹی سپیکرہیں۔ یاد رہے کہ چھبیس دسمبر کو بلوچستان اسمبلی نے سپیکر اسلم بھوتانی کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد منظور کی تھی۔ درےں اثنا بلوچستان ہائی کورٹ نے صوبائی اسمبلی میں سپیکر کا انتخاب روکنے سے متعلق اسلم بھوتانی کی درخواست خارج کردی، اسلم بھوتانی نے تحریک عدم اعتماد کے طریقہ کار کو چیلنج کر رکھا تھا۔ جسٹس جمال مندوخیل نے بلوچستان اسمبلی میں سپیکر کے انتخاب پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلے کا انتظار کیا جانا چاہئے تھا، ایسے لگتا ہے آپ کو معلوم تھاکہ عدالت سے کوئی آرڈر آرہا ہے، عدالت کے احترام کا تقاضا تھا کہ فیصلے کا انتظار کیا جاتا۔ اس پر ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے یقین دہانی کرائی کہ اسمبلی اور عدالت میں کوئی تنازع نہیں ہے، آپ جو بھی فیصلہ دیں گے اس پر عمل درآمد کرایا جائے گا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست خارج کردی۔ اسلم بھوتانی نے کہا ہے کہ دوستوں کے مشورے سے نظرثانی درخواست دائر کروں گا۔ دریں اثنا میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلی بلوچستان اسلم رئیسانی نے کہا ہے کہ اسلم بھوتانی کی درخواست پر حکم امتناعی آیا تو سپیکر کے عہدے کے لئے دوبارہ ووٹنگ کرا لیں گے، سید مطیع اللہ آغا کو حکم امتناعی کے بعد بھی منتخب کرائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے اسمبلی میں جمہوری روایات قائم کیں دوسرے اداروں کو ہم سے سبق سیکھنا چاہیے کہ وہ بھی ایک دوسرے پر جوتے نہ پھینکا کریں، انتخابات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات کروانے والوں پر ہے کہ وہ انتخابات کراتے ہیں یا نہیں، ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لئے ڈاکٹر فوزیہ مری کو نامزد کئے جانے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ خواتین کا عہدوں پر پورا حق ہے، ان کا کہنا تھا کہ ریکوڈک کا کیس ہم جیت چکے ہیں اب اس منصوبے کا نام بلوچستان گولڈ اینڈ کاپر پراجیکٹ رکھ دیا گیا ہے۔