گوجرانوالہ: غیرت کے نام پر بیٹی کو آشنا سمیت ذبح کر دیا
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) باپ نے غیرت کے نام پر بیٹی اور اس کے آشنا کو تیز دھار آلے سے ذبح کر ڈالا۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر نعشیں پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیں۔ جنڈیالہ باغوالہ سیٹھ کالونی کے رہائشی رشید کی بیٹی فرح اپنے محلے دار عرفان مسیح کے ساتھ محبت کرتی تھی اور دونوں شادی کرنا چاہتے تھے مگر لڑکی کے گھر والے اس رشتہ کے خلاف تھے اور اسی بات پر اکثر ان کے گھر جھگڑا رہتا تھا گزشتہ رات عرفان فرح کو ملنے اس کے گھر گیا ہوا تھا لڑکی کا باپ دونوں کو اکٹھے دیکھ طیش میں آگیا جس نے غیرت کے نام پر تیز دھار آلے سے اپنی بیٹی اور اس کے آشنا کی شہ رگیں کاٹ کر انہیں قتل کردیا، چیخ و پکار سن کر عرفان کے بھائی شہباز اور شہزاد آگے بڑھے تو رشید نے اینٹیں مار کر ان دونوں کو بھی شدید زخمی کردیا جبکہ اس بارے علم ہونے پر تھانہ صدر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی جس نے ملزم کو حراست میں لے کر دونوں مقتولین کی نعشیں پوسٹمارٹم کیلئے سرکٹ ہسپتال پہنچادیں اور پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے۔
قتل