طاہر القادری کا لانگ مارچ: اتحادی جلد الیکشن شیڈول کے اعلان کا مشورہ دیں گے
اسلام آباد (آن لائن) حکومت کی اتحادی سیاسی جماعتوں نے ڈاکٹر طاہر القادری کا لانگ مارچ غیر مﺅثر بنانے کیلئے صدر زرداری کو الیکشن 2013ءکے شیڈول کا اعلان کرنے کا مشورہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بعض حکومتی اور اتحادی رہنماﺅں کا خیال ہے کہ موجودہ صورتحال میں ملک میں عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرنے سے ڈاکٹر طاہر القادری کے لانگ مارچ کو غیر مﺅ
ثر بنایا جا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اے این پی کے رہنما اسفندیار ولی خان سمیت اہم اتحادی رہنما بہت جلد صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کر کے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرینگے۔ حکمران اتحاد کے ذمہ داروں نے صدر آصف علی زرداری کو باور کرایا کہ موجودہ غیر یقینی سیاسی صورتحال اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ الیکشن 2013ءکے شیڈول کا اعلان کر دیا جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ شیڈول کے اعلان کے بعد پارلیمانی اور پارلیمنٹ سے باہر کی سیاسی جماعتیں انتخابی سیاست میں مصروف ہو جائیں گی۔