• news

”بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا فیصلہ افسوسناک ہے، کھیل کا نقصان ہو گا“

لاہور (سپورٹس رپورٹر+آئی این پی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین خالد محمود نے کہا کہ بنگلہ دیش ٹیم کو پاکستان نہ بھجوانے کا فیصلہ انکے کے بورڈ کا نہیں بلکہ برسراقتدار عوامی لیگ کا فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عوامی لیگ کے باہمی تعلقات اچھے نہ ہونے کی وجہ سے کرکٹ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی لیگ آئی پی ایل میں پہلے ہی ہمارے کھلاڑیوں کو شامل نہیں کیا جا رہا اگر ایسے میں بی پی ایل میں قومی کرکٹرز کو شرکت سے روک دیا گیا تو یہ کھلاڑیوں کے ساتھ زیادتی ہوگی۔ سابق کپتان عامر سہیل نے کہا بی سی بی کے فیصلے سے شدید مایوسی ہوئی۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے کہا کہ فیصلے سے کرکٹ کو شکست ہوئی۔ سابق کپتان معین خان نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ بورڈ کو بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کا جائزہ لینا ہو گا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے کہا کہ پی سی بی نے ہر موقع پر بنگلہ دیش کی سپورٹ کی لیکن بنگلہ دیش نے کبھی بھی مثبت جواب نہیں دیا۔ سابق فاسٹ با¶لر سرفراز نواز نے کہا کہ بنگلہ دیشی ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی میں پاکستان مخالف شیخ حسینہ واجد کا ہاتھ ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن