کھانسی کے شربت سے ننکانہ، چونیاں میں بھی 4افراد جاں بحق
ننکانہ / بچیکی / چونیاں/ گوجرانوالہ (نامہ نگاران/ نمائندہ خصوصی) کھانسی کے شربت سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز چونیاں میں 3، ننکانہ میں ایک شخص شربت پینے سے جاں بحق ہو گیا۔ گوجرانوالہ میں زہریلا شربت بیچنے والے میڈیکل سٹور مالکان کیخلاف 19مقدمات درج کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ہلہ کیھچیاں ننکانہ کا رہائشی 40 سالہ علی شیر جو کہ زرعی ترقیاتی بنک سانگلہ ہل میں ملازم تھا نے کھانسی کا سیرپ (ٹائنو) پیا تو اس کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی جسے فوری طور پر فیصل آباد ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اُسے تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور ریفر کردیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا متوفی علی شیر کی دو بیٹیاں اور دو بیٹے ہیں۔ چونیاں میں سولہ سالہ طارق، 20سالہ محمد عمران اور غلام محمد عرف جگا کھانسی کا شربت پینے سے جاں بحق ہو گئے۔ کینٹ کالونی چونیاں کی رہائشی غلام فاطمہ نے بتایا کہ اسکا سولہ سالہ نوجوان بیٹا محمد طارق کھانسی نزلہ زکام میں مبتلا تھا جسے ڈیکٹرو میتھارفین سیرپ پلایا حالت خراب ہونے پر تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال لے گئے جہاں سے مریض کو لاہور ریفر کر دیا جو راستے میں دم توڑ گیا۔ 20سالہ محمد عمران سیرپ ٹائنو پینے سے حالت غیر ہونے پر لاہور جاتے ہوئے راستے میں دم توڑگیا۔ گوجرانوالہ میں زہریلا شربت پی کر ہلاک اور متاثر ہونے والوں کے لواحقین کی نشاندہی پر میڈیکل سٹور مالکان کے خلاف 19مقدمات درج کرکے مختلف علاقوں میں متعدد میڈیکل سٹوروں کو سیل کر دیا ہے۔