ملین مارچ کی اجازت کیلئے اسلام آباد انتظامیہ کو درخواست دیدی : سردار منصور
راولپنڈی (سلطان سکندر) تحریک منہاج القرآن نے چودہ جنوری کے ملین مارچ کی اجازت حاصل کرنے کے لئے اسلام آباد انتظامیہ کو باضابطہ درخواست دے دی ہے اور ملین مارچ کے تفصیلی پروگرام سے آگاہ کر دیا ہے اب تحریک کو انتظامیہ کے جواب کا انتظار ہے‘ ملین مارچ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں 13 جنوری کو لاہور سے جی ٹی روڈ کے راستے روانہ ہوگا اور مارچ کے شرکاءرات گجرات میں قیام کرنے کے بعد اگلے روز ڈی چوک اسلام آباد پہنچیں گے۔ یہ بات تحریک منہاج القرآن کے سینئر مرکزی رہنما سردار منصور خان القادری نے تحریک کے اٹلی کے عہدیدار محمد ندیم‘ محمد نسیم اور راولپنڈی کے سیکرٹری اطلاعات محمد سہیل عباسی کی معیت میں منگل کو یہاں ایوان وقت میں بتائی۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں عوامی مارچ کے شرکاءکے لئے عارضی واش رومز اور دیگر ضروریات کا انتظام کرنے کے لئے 100 کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں۔ ہمارا مارچ لاہور کی طرح قطعی پرامن ہو گا‘ ہمیں دہشت گردی کا کوئی خطرہ نہیں امید ہے کہ لاہور کی طرح راستے میں بھی حکومت پنجاب مناسب سکیورٹی فراہم کرے گی۔ لاہور سے اڑھائی تین لاکھ افراد مارچ کا آغاز کریں گے۔ راستے میں لوگ شامل ہوتے جائیں گے۔ اسلام آباد کے لئے چالیس لاکھ ٹارگٹ رکھا گیا ہے۔ راولپنڈی ڈویژن‘ ہزارہ خیبرپختونخوا اور آزادکشمیر کو فوکس کیا گیا ہے۔ مارچ کے شرکاءڈی چوک میں مطالبات کی منظوری تک دھرنا دیں گے۔ ہم طویل المعیاد کیئر ٹیکر حکومت لانے کے ایجنڈے پر کام نہیں کر رہے ہمارا مقصد انتخابی اصلاحات کے ذریعے اسمبلیوں میں حقیقی عوامی نمائندوں کو لانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم تمام علماءمشائخ اور دینی و سیاسی جماعتوں کو مارچ میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں۔ عمران خان اور شیخ رشید کو بھی دعوت دینگے۔ لاہور مارچ کے سارے شرکاءتحریک کے کارکن نہ تھے ان میں عوام شامل تھے۔ عوام ہمارا ساتھ دے رہے ہیں تو دینی جماعتیں بھی ساتھ دیں گی۔