• news

شہباز شریف نے حضرت علی ہجویریؒ کے عرس کی تقریبات کا افتتاح کیا، کل عام تعطیل ہو گی

لاہور (خصوصی رپورٹر + خصوصی نامہ نگار + نامہ نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے 969ویں عرس کی سہ روزہ تقریبات کا گذشتہ روز افتتاح کر دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزار پر چادر چڑھائی اور ملکی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر چیئرمین امور مذہبیہ کمیٹی سینیٹر اسحاق ڈار، صوبائی وزرا احسان الدین قریشی، میاں مجتبیٰ شجاع، ملک ندیم کامران، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، اعلی سول حکام، زائرین اور علماءو مشائخ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ وزیر اعلی شہباز شریف نے دودھ پی کر سبیل کا افتتاح بھی کیا۔ دعا مانگتے ہوئے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر لاہور نورالامین مینگل نے داتا گنج بخشؒ کے عرس کے موقع پر شہر بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے اور اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، کل 3 جنوری کو ضلع بھر کے تمام سرکاری سکولز، ضلعی حکومت لاہور کے ماتحت تمام دفاتر بند رہیں گے۔ علاوہ ازیں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گزشتہ روز داتا دربار عرس کے موقع پر سکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے تھے۔ داتا دربار پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔ لیڈیز پولیس کو بھی تعینات کیا گیا تھا۔ زائرین کو تین مقامات پر میٹل ڈیٹیکٹر سے تلاشی اور واک تھرو گیٹس سے گزار کر احاطہ دربار میں داخل ہونے دیا گیا۔ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے علاوہ دربار سے ملحقہ اونچی عمارتوں پر پولیس اہلکار تعینات تھے۔ داتا دربار آنے والے راستوں اور اس سے ملحقہ سڑکوں کو کافی دور سے ہی خاردار تاریں اور لوہے کے بیریئر لگا کر بندکر دیا گیا تھا۔ داتا صاحب دربار کی طرف آنے والی ہر قسم کی ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارا گیا جبکہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں پارک کرنے کے لئے فاصلے پر پارکنگ کی اجازت تھی۔

ای پیپر-دی نیشن