جیتنے والے امیدواروں کی تلاش کے لئے پی پی نے ڈویژنل کمیٹیاں بنا دیں
لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی کی ”ہائی کمان“ نے پنجاب کے صدر منظور وٹو کی سربراہی میں ڈویژنل کمیٹیاں قائم کر دی ہیں جو اپنے ڈویژن کے تمام اضلاع میں سابق ٹکٹ ہولڈروں، ممکنہ امیدواروں سے ملاقاتیں کریں گے اور ”جیتنے کی اہلیت“ رکھنے والے امیدواروں کے بارے میں ”ہائی کمان“ کو رپورٹ دیں گے۔ جس کے بعد پارٹی ٹکٹوں کا فیصلہ ہو سکے گا۔ ذرائع کے مطابق لاہور کے لئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور امتیاز صفدر وڑائچ کو کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے جبکہ ساہیوال ڈویژن کے لئے سید صمصام بخاری، سرگودھا ڈویژن کے لئے رانا فاروق سعید، پنڈی ڈویژن کے لئے وفاقی وزیر مملکت سلیم حیدر، فیصل آباد ڈویژن کے لئے ملک نواب شیر وسیر اور گوجرانوالہ ڈویژن کے لئے وفاقی وزیر نذر محمد گوندل کو کنونیئر مقرر کیا گیا ہے۔