• news
  • image

گوجرانوالہ : ینگ ڈاکٹرز کا ایم ایس‘ سینئرز پر تشدد‘ گرفتاریوں پر پنجاب کے ہسپتالوں میں ہڑتال

گوجرانوالہ + لاہور (نمائندہ خصوصی + سپیشل رپورٹر) گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز نے ایم ایس کے دفتر میں گھس کر ان پر تشدد کیا اور ایم ایس سمیت سینئر ڈاکٹرز کو مارا پیٹا، ایم ایس کے دفتر پر قبضہ کر لیا، پولیس نے تشدد کرنے والے ڈاکٹر رہنماوں کو گرفتار کیا تو پہلے لاہور سمیت پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں کے آوٹ ڈور اور رات گئے ان ڈور بھی بند کر دئیے گئے۔ گوجرانوالہ میں ہڑتال کے دوران طبی امداد نہ ملنے سے ایک مریض چل بسا۔ گوجرانوالہ میں پولیس نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر جاوید آہیر سمیت 54 ڈاکٹروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ 9 ڈاکٹروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ گوجرانوالہ کے ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز نے منگل کے روز بھی احتجاج کیا تھا جس کا انتظامیہ نے کوئی نوٹس نہ لیا۔ گذشتہ روز ینگ ڈاکٹرز نے پھر ہسپتال کا آو¿ٹ ڈور مکمل طور پر بند اور ایمرجنسی سروسز بھی معطل کر دیں۔ ینگ ڈاکٹروں نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن گوجرانوالہ کے صدر ڈاکٹر کاشف بلال کی قیادت میں ایم ایس کے دفتر پر حملہ آور ہوگئے اور ایم ایس ڈاکٹر انور امان اللہ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ دیگر سینئر ڈاکٹروں جن میں ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سہیل انجم اور ڈاکٹر مبشر راٹھور شامل ہیں نے بیچ بچا¶ کروانے کی کوشش کی تو ینگ ڈاکٹرز نے ان کو بھی مارا پیٹا۔ ینگ ڈاکٹرز نے سینئر ڈاکٹروں کو کمرہ سے نکال دیا۔ بعدازاں پولیس نے ایم ایس اور دیگر سینئر ڈاکٹروں پر تشدد کرنے والے ڈاکٹر کاشف بلال، ڈاکٹر احتشام، ڈاکٹر کاشف بشیر اور دیگر چھ عہدیداروں کو گرفتار کیا تو ینگ ڈاکٹرز نے پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں کے آو¿ٹ ڈور بند کر دئیے۔ ہڑتال کے دوران گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں 4 بچوں کا باپ محمد شریف طبی امداد نہ ملنے پر دم توڑ گیا۔ ڈاکٹروں نے صحافیوں کو بھی شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق ساتھیوں کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا۔ ینگ ڈاکٹرزکے عہدیداروںنے کہا کہ ڈاکٹر کاشف بلال اور دیگر کی رہائی تک احتجاج جاری رہےگا اور اگر ہمارا مطالبہ تسلیم نہ ہوا تو انتہائی اقدام اٹھانے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ پی ایم اے پنجاب کے صدر پروفیسر اشرف نظامی نے ڈاکٹروں پر تشدد کی مذمت کی ہے۔ گوجرانوالہ میں سینئر ڈاکٹروں نے وارڈوں میں فرائض انجام دینا شروع کر دئیے۔ علاوہ ازیں پی ایم اے گوجرانوالہ کی ہنگامی اجلاس ڈاکٹر تحسین مظہر شیخ کی زیر صدارت ہوا۔ ادھر ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن پنجاب کے ڈاکٹر عامر عباس، ڈاکٹر حامد بٹ نے پورے پنجاب میں آوٹ ڈور اور ان ڈور بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سروسز ہسپتال ڈاکٹرز ہاسٹل میں پریس کانفرس کے موقع پر دونوں ڈاکٹروں نے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب تک گوجرانوالہ کے ینگ ڈاکٹروں کے خلاف مقدمات واپس نہیں ہوتے اور سیکرٹری صحت کے خلاف اقدام قتل کی ایف ائی آر درج نہیں ہو گی اس وقت تک پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں ان ڈور اور آوٹ ڈور بند رہیں گے۔ دوسری جانب سپیشل سیکرٹری ہیلتھ بابر حیات تارڑ نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی سہولیات مہیا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو علاج کی مکمل سہولتیں میسر ہوں گی۔ 

epaper

ای پیپر-دی نیشن