• news

لانگ مارچ : اسلام آباد انتظامیہ نے ریڈ زون کا سکیورٹی پلان تبدیل کردیا

اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد کی انتظامیہ نے تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی اسلام آباد لانگ مارچ کی کال کے بعد ناصرف ریڈ زون کا سکیورٹی پلان تبدیل کر دیا ہے بلکہ مارچ کے شرکا کےلئے ایف نائن پارک میں جگہ بھی مختص کردی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطا بق ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے لانگ مارچ کی کال کے بعد وزیر داخلہ نے ایک اہم اجلاس میں ریڈ زون کا سکیورٹی پلان تبدیل کرنے کا حکم دیا۔رحمن ملک کہتے ہیں کہ لوگ اپنی مشہوری کے لئے اسلام آباد کا رخ کرتے ہیں ان کے لئے ایف نائن کے پارک میں جگہ مختص کردی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں سال 2012 ءکے دوران 683 احتجاجی مظاہرے ہوئے اور اس دوران ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوئے جبکہ امن و امان اور جرائم کنٹرول کرنے میں وفاقی پولیس کو نفری اور وسائل کی شدید کمی کا بھی سامنا ہے۔ پولیس کی ساڑھے نو ہزار نفری میں سے نصف سفارت خانوں اور سفیروں کی رہائش گاہوں پر مامور ہے جبکہ وی وی آئی پی کی سکےورٹی کے لئے چار ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔اب احتجاجی ریلیوں اور لانگ مارچ کے موقع پر امن و امان کنٹرول کرنے کیلئے طالب علموں کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لئے گیارہ سو طالب علموں کو تربیت بھی دی جاچکی ہے۔ لانگ مارچ کے موقع پر پولیس،ریزرو فورس کے علاوہ ضرورت پڑنے پر پیرا ملٹری فورسز کی خدمات لینے کابھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن