پاکستان میں رہا کئے جانے والے طالبان کی مدد کےلئے تیار ہیں: کرزئی
کابل (ثناءنیوز) افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی جانب سے رہا کئے جانے والے طالبان کی مدد کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ افغان صدر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ رہائی پانے والے طالبان اگر افغانستان آنا چاہیں، جو انھیں آنا بھی چاہیے، تو ان کے ساتھ بھر پور تعاون کیا جا ئےگا۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ افغانستان ان کی مدد کرنا اپنا فرض سمجھتی ہے اور اس سلسلے میں انھیں ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ صدر کے ترجمان ایمل فیضی کا یہ بیان افغانستان کے ایک آزاد ٹی وی چینل طلوع سے نشر کیاگیا۔ اس دوران افغانستان کے ایوان بالا سینٹ کے ایک رکن فضل ہادی مسلم یار نے اعلی کونسل برائے امن سے کہا کہ پاکستان کی جیل سے رہائی پانے والے طالبان کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جائیں۔ انھوں نے کہا کہ رہا ہونے والوں کے نام پتے کیا ہیں، اور انھیں کیونکر رہا گیا ہے، یہ جاننا اعلی کونسل برائے امن کا کام ہے۔انھوں نے کہا کہ تاہم عوام کا نمائندہ ہونے کے ناطے میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ رہائی پانے والے کون لوگ ہیں، اب وہ کہاں جائیں گے۔